جاریہ سال 100 کروڑ سے زائد کا منافع، چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے امدادی باہمی اداروں کی کارکردگی پر اجلاس منعقد کیا اور کوآپریٹیو بینکس اور ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو بینکس کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ تلنگانہ میں تمام شعبہ جات نے غیرمعمولی ترقی کی اور دیہی امداد باہمی اداروں سے تجارت میں اضافہ کے امکانات ہیں۔ اُنھوں نے کوآپریٹیو بینکس حکام کو مشورہ دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں مختلف اسکیمات کے آغاز پر توجہ دیں تاکہ عوام کی معاشی صورتحال بہتر ہو۔ کوآپریٹیو اداروں کا کاروبار جاریہ سال 22.8 فیصد رہا جو گزشتہ سے بہتر ہے۔ جاریہ سال جملہ 16276.71 کروڑ کا بزنس کیا گیا جبکہ گزشتہ سال یہ بزنس 13245 کروڑ تھا۔ جاریہ سال بینکوں اور امداد باہمی اداروں کے شیئر کیپٹل میں 25.41 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ بینکوں میں موجود اثاثہ جات 2020-21 ء میں 556.53 کروڑ تھے جو جاریہ سال 615 کروڑ ہوچکے ہیں۔ ڈپازٹس جوکہ 2020-21 ء میں 5466.41 کروڑ تھے جاریہ سال 6941.95 کروڑ درج کئے گئے جو 26.99 فیصد اضافہ ہے۔ بینکوں اور امداد باہمی اداروں سے قرضہ جات میں 15.67 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ بینکوں کو 31 مارچ تک 100.89 کروڑ منافع ہوا۔ سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، سکریٹری فینانس سری دیوی، کوآپریٹیو بینک صدرنشین کے رویندر راؤ، این مرلی دھر، آر بی آئی کے ریجنل ڈائرکٹر کے نکھیلا، نبارڈ کی چیف جنرل منیجر سشیلا چنتالا، نبارڈ کے جنرل منیجر وائی ہراگوپال اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ ر