تلنگانہ میں ہر سطح پر کرپشن، آئندہ حکومت بی جے پی کی ہوگی

   

مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت کا دعویٰ، بھاگیہ لکشمی مندر درشن کے بعد چیف منسٹر کا حلف لوں گا: بنڈی سنجے
حیدرآباد۔/2اگسٹ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں ہر سطح پر کرپشن اور بدعنوانیوں کا راج ہے۔ تلنگانہ ریاست کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے افراد کو صحیح معنوں میں خراج عقیدت اسی وقت ہوگا جب کے سی آر حکومت کو بیدخل کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے بھونگیر ضلع کے یادگیر گٹہ میں بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی تیسرے مرحلہ کی پرجا سنگرام یاترا کے آغاز کے موقع پر شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام ٹی آر ایس حکومت کی بیدخلی کا فیصلہ کرچکے ہیں اور آئندہ حکومت بی جے پی کی ہوگی۔ گجیندر سنگھ شیخاوت نے تلگو زبان میں اپنی تقریر کا آغاز کیا جس کا عوام کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یادادری جیسے مقدس مقام کے درشن پر خوشی ہے اور انہیں یقین ہے کہ یادادری سے شروع کی جانے والی پرجا سنگرام یاترا کامیاب رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تبدیلی کیلئے بنڈی سنجے کی قیادت میں یاترا کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بنڈی سنجے کی قیادت میں تلنگانہ میں بی جے پی حکومت قائم ہوگی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ پسماندہ و کمزور طبقات کو کے سی آر حکومت نے نظرانداز کردیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل کرنے کیلئے تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور ان کا خاندان رقومات اکٹھا کرنے کی مہم پر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بدعنوان افراد کو جیل بھیجنے کیلئے تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار عطاء کریں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان حکومت کو گرانا بی جے پی کی اولین ترجیح ہے۔ جلسہ عام میں عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ نلگنڈہ اور کھمم اضلاع میں بی جے پی کافی مستحکم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ گولکنڈہ پر زعفرانی پرچم لہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد بھاگیہ لکشمی مندر کے درشن کے بعد ہی چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ر