تلنگانہ وقف بورڈ کا آج خصوصی اجلاس

   

مرکزی حکومت کے وقف ترمیمی قانون کا جائزہ
حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کا خصوصی اجلاس کل 26 اگسٹ کو 11 بجے دن حج ہاوز نامپلی میں منعقد ہوگا۔ صدرنشین سید عظمت اللہ حسینی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی حکومت کے مجوزہ وقف ترمیمی قانون 2024 کا جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف بورڈ کے اجلاس میں قرارداد منظور کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت نے مرکزی حکومت کے مجوزہ قانون کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔ وقف قوانین میں ترمیم کے ذریعہ مرکزی حکومت اوقافی امور میں راست مداخلت کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ضلع کلکٹرس کو زائد اختیارات اور بورڈ میں غیر مسلم ارکان کی شمولیت جیسی ترمیمات کی ملک بھر میں مخالفت کی جارہی ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی متفقہ قرارداد کے بعد حکومت کی جانب سے وقف ترمیمی قانون کے خلاف مرکز کو مکتوب روانہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے حال ہی میں وسیع تر مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا جس میں مختلف مذہبی، سماجی اور سیاسی اداروں اور تنظیموں سے وابستہ 50 سے زائد نمائندوں نے شرکت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے مجوزہ قانون کی مخالفت کی۔1