تلنگانہ پراجکٹس کیخلاف سپریم کورٹ میں اے پی کی درخواست

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کے خلاف آندھراپردیش کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کرشنا ریور واٹر مینجمنٹ بورڈ نے دونوں ریاستوں میں پانی کی جو تقسیم کی ہے، اس کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ تلنگانہ دریائے کرشنا سے زائد پانی حاصل کر رہا ہے جس کے نتیجہ میں آندھراپردیش اپنے جائز حق سے محروم ہے۔ آندھراپردیش حکومت نے سری سیلم پراجکٹ میں برقی کی تیاری کا حوالہ دیا اور کہا کہ پانی کی سطح میں کمی کے باوجود برقی کی پیداوار شروع کی گئی ہے۔ برقی کی پیداوار سے آندھراپردیش کے پراجکٹس کو نقصان ہوگا۔ تلنگانہ حکومت کا اقدام غیر دستوری ہے اور عوام کے حقوق کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ مرکز سے اپیکس کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی کہ وہ اس معاملہ میں احکامات جاری کریں۔ مرکزی حکومت کے احکامات پر کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ عمل آوری سے قاصر ہے ۔