مستقبل میں بی سی چیف منسٹر یقینی، ریونت ریڈی پانچ سال چیف منسٹر برقرار رہیں گے
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریاستی کابینہ کی توسیع میں بی سی طبقات کو ترجیح دی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے آج گاندھی بھون میں پارٹی کے او بی سی ڈپارٹمنٹ کے توسیعی اجلاس سے خطاب کیا۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے موقع پر بی سی طبقات کو نمایاں اہمیت حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات کی ترقی سے بی جے پی کو کوئی دلچسپی نہیں ہے ، لہذا وہ طبقاتی سروے کی مخالفت کر رہی ہے۔ کانگریس نے بی سی طبقات سے انصاف کیلئے طبقاتی سروے کا اہتمام کیا اور بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی میں حکومت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تلنگانہ میں مستقبل میں بی سی طبقہ کے چیف منسٹر کا ہونا یقینی ہے اور یہ صرف کانگریس سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی پانچ برس تک چیف منسٹر برقرار رہیں گے اور چیف منسٹر کے عہدہ میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کو چیلنج کیا کہ وہ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کو دستور کے 9 ویں شیڈول میں شامل کرنے وزیراعظم مودی کو راضی کریں۔ انہوں نے کہا کہ 42 فیصد تحفظات کیلئے تلنگانہ اسمبلی میں بل کی منظوری کے بعد مرکز کو روانہ کیا جائیگا۔ انہوں نے بنڈی سنجے سے سوال کیا کہ کیا وہ قومی سطح پر طبقاتی سروے کیلئے وزیراعظم مودی کو راضی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی سروے نے ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے مثال قائم کی ہے۔ پسماندہ طبقات کی حقیقی تعداد کا پتہ چلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مستقبل پسماندہ طبقات کا ہے۔ راہول گاندھی کے نظریہ کے مطابق تلنگانہ حکومت نے طبقاتی سروے کی تکمیل کی ہے۔1