تلنگانہ کانگریس قائدین کی نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic

کسانوں کے درپیش مسائل پر بات چیت
حیدرآباد۔18 جولائی (سیاست نیوز) قومی آل انڈیا کسان کانگریس کے نائب صدرنشین اور سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈاریڈی کی قیادت میں وفد نے نئی دہلی میں نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ تلنگانہ اسٹیٹ کسان کانگریس کے انویش ریڈی اور آل انڈیا کانگریس او بی سی ڈپارٹمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر ونئے کمار موجود تھے۔ انہوں نے نائب صدر جمہوریہ سے کسانوں کو درپیش مسائل پر بات چیت کی۔ کودنڈاریڈی نے کسانوں کو کراپ انشورنس کی عدم فراہمی سے ہونے والے نقصانات، ہلدی کے کاشتکاروں کو تلنگانہ میں درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ کسانوں کو امدادی قیمت کی فراہمی کے سلسلہ میں نائب صدر جمہوریہ کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ وینکیا نائیڈو نے کسانوں اور زرعی شعبہ کے مسائل سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ کودنڈاریڈی اور دیگر قائدین ان دنوں نئی دہلی کے دورے پر ہیں جہاں وہ کانگریس کے اعلی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کے کارگزار صدر کے انتخاب کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی نمائندگی کریں گے۔ کودنڈاریڈی سمیت بعض قائدین نے تلنگانہ میں کانگریس وفادار فورم تشکیل دیا ہے جس کے ذریعہ یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کیا گیا۔