تلنگانہ کو فیوچر سٹی کے طرز پر ترقی دینے کا عزم ، ریونت ریڈی

   

بیرونی ممالک کے دورے سے تلنگانہ میں 31,500 کروڑ کی سرمایہ کاری ، 30 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع
حیدرآباد : /14 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کا بیرونی ممالک کا دورہ کامیاب رہا ہے ۔ ریاست کو 31 ہزار 500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل کی گئی ہے ۔ تلنگانہ کو ’’ فیوچر سٹی‘‘ کے طرز پر ترقی دی جائے گی ۔ Cognizant کے نئے کیمپس کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہمارا بنیادی ایجنڈہ تھا جس میں ہم کامیاب ہوئے ہیں ۔ ہم ایک نیا شہر بسانے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کررہے ہیں ۔ اس فیوچر سٹی میں سب سے حصہ دار بننے کی اپیل کررہے ہیں ۔ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے باوجود کام کرنے کا انداز نہیں بدلا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کا مقابلہ آندھراپردیش اور ٹاملناڈو سے نہیں ہے بلکہ دنیا سے ہے ۔ ریاست کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے ترقی دی جائے گی ۔ مستقبل میں تلنگانہ فیوچر سٹی میں تبدیل ہوجائے گا ۔ ریاست کو اربن ، سیمی اربن اور رورل کے طرز پر ترقی دی جائے گی ۔ حیدرآباد کو دنیا کے نقشہ میں اہم مقام دلایا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ Cognizant کو حکومت صدفیصد تعاون کرے گی ۔ /5 اگست کو نیوجرسی میں Cognizant کے ساتھ ایک نئے معاہدے پر دستخط کی گئی ہے ۔ حیدرآباد ہر شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے ۔ تلنگانہ میں سب سے زیادہ ملازمتیں فراہم کرنے والے اداروں میں Cognizant کا دوسرا مقام ہے ۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ہم دنیا کی ضروریات کوپورا کرنے کیلئے چوتھا شہر بسارہے ہیں ۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سیکوریٹی اور منافع دونوں حاصل ہوگا ۔ ہماری حکومت سرمایہ کاروں کی مکمل حفاظت کرے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کے 10 روزہ امریکہ اور ساؤتھ کوریا کے دورے سے جہاں ریاست کو 31 ہزار 500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی ہے وہیں 30 ہزار 750 سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ بہت جلد مزید نئے معاہدے کئے جائیں گے ۔ آئندہ دس سال میں تلنگانہ کی معیشت ایک ٹرلین ڈالر کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ 2