ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس سے رپورٹ طلب ، 13 پارٹیوں کے نام فہرست سے خارج
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اگست (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت پر چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی نے ریاست کی 9 رجسٹرڈ غیر مسلمہ سیاسی پارٹیوں کو نوٹس جاری کی ہے۔ گزشتہ 6 برسوں کے دوران انتخابات میں حصہ لینے کی شرط کی عدم تکمیل پر نوٹس جاری کی گئی ۔ جن پارٹیوں کو نوٹس جاری کی گئی ، ان میں آل انڈیا آزاد کانگریس پارٹی (حیدرآباد) ، آل انڈیا بی سی او بی سی پارٹی (ملکاجگری) ، بی سی بھارت دیشم پارٹی (حیدرآباد)، بھارت لیبر پرجا پارٹی (کتہ گوڑم) ، لوک ستہ پارٹی (حیدرآباد) ، مہاجن منڈلی پارٹی (حیدرآباد) ، نوا بھارت نیشنل پارٹی (ملکاجگری)، تلنگانہ پرگتی سمیتی (ملکاجگری) اور تلنگانہ انڈیپینڈنٹ پارٹی (ملکاجگری) شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 25 اگست تک اپنی سفارشات پیش کریں کہ آیا مذکورہ پارٹیوں کو فہرست میں برقرار رکھا جائے یا نہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق رجسٹرڈ غیر مسلمہ سیاسی پارٹیوں نے 2019 سے انتخابات میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی تفصیلات کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے متوازی فیصلہ کرتے ہوئے تلنگانہ کی 13 رجسٹرڈ غیر مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے نام فہرست سے خارج کردیئے ہیں۔ جن میں آندھراپردیش راشٹرا میکھیا سمیتی پارٹی ، بہوجن سماج پارٹی (امبیڈکر۔پھولے) ، انڈین مینارٹیز پولیٹیکل پارٹی ، جاگو پارٹی ، جاتیہ مہیلا پارٹی، نیشنل پیپلز کانگریس تلنگانہ کارنیکا رعیتو راجیم پارٹی ، تلنگانہ لوک ستہ پارٹی ، تلنگانہ مینارٹیز او بی سی راجیم ، تلنگانہ پراجہ سمیتی (کشور راؤ اور کشن) ، تلنگانہ اسٹوڈنٹس یونائٹیڈ فار نیشن پارٹی ،یووا پارٹی تلنگانہ اور یووا تلنگانہ پارٹی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے واضح کیا کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی پارٹیوں کو اپنا سرکاری ایڈریس برقرار کھنا چاہیئے اور نام ، قیادت ، ہیڈکوارٹر اور دیگر تبدیلیوں کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فوری اطلاع دی جائے۔1