دہلی میں منعقدہ وزراء ماحولیات کے اجلاس میں مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر کا اعلان
نرمل ۔ 29 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں منعقدہ ریاستی وزرائے ماحولیات کے اجلاس میں ریاست تلنگانہ سے وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نے شرکت کی جن کے ہمراہ ریاست تلنگانہ کے محکمہ جنگلات سے وابستہ اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے ۔ اس اجلاس میں ریاست تلنگانہ کے لئے مرکزی وزارت ماحولیات کی جانب سے (3110) کروڑ روپیوں کی امداد مرکزی وزیر ماحولیات جناب پرکاش جاویڈکر کی جانب سے منعقد ریاستی وزرائے ماحولیات کے اجلاس میں اعلان کیا گیا ، یہ رقمی امداد ریاست تلنگانہ کی تاریخ میں پہلی بار دی گئی ہے، بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راو کی جانب سے جنگلات کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اسکیمات کے ضمن میں منظور کئے گئے ۔ دہلی اجلاس کے اختتام کے بعد وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نے نمائندہ سیاست سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے فون پر بتایا کہ ہریتاہرم پروگرام کے تحت کروڑہا روپیوں کے پودے لگائے جارہے ہیں ۔ اس خصوص میں ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ حکومت جنگلات کے تحفظ اور جنگلاتی زمینوں میں درختوں کی افزائش کے لئے مرکزی فنڈ کو موثر ڈھنگ سے استعمال کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔
