مرکزی وزارت تعلیم کے سروے میں انکشاف، شمال مشرقی ریاستوں سے تلنگانہ کا مظاہرہ بہتر
حیدرآباد ۔17 ۔ نومبر (سیاست نیوز) قانون حق تعلیم کے تحت اسکولوں میں طلبہ کیلئے ٹائلٹس کی تعمیر کو لازمی قرار دیا گیا لیکن تلنگانہ میں 21 فیصد اسکول ایسے ہیں جہاں لڑکیوں کیلئے علحدہ ٹائلٹس نہیں ہیں۔ ملک میں سرکاری اسکولوں پر سروے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ لڑکیوں کو ٹائلٹس فراہمی کے معاملہ میں تلنگانہ دیگر بعض ریاستوں سے بہتر ہے لیکن آبادی کے اعتبار سے تلنگانہ کے مظاہرہ کو اطمینان بخش کہا نہیں جاسکتا۔ سروے کے مطابق ہر پانچ اسکولوں میں ایک اسکول ٹائلٹس کی سہولت سے محروم ہیں۔ 21.2 فیصد اسکولوں میں طالبات کیلئے علحدہ ٹائلٹس نہیں ہے۔ 17.2 اسکول ایسے ہیں جہاں سرے سے ٹائلٹس نہیں ہیں۔ ملک کی بڑی ریاستوں کے مقابلہ میں تلنگانہ کا مظاہرہ مایوس کن ہے ۔ شمال مشرقی ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ نے بہتر مظاہرہ کیا ۔ مرکزی وزارت تعلیم نے حال میں رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا کہ اروناچل پردیش ، منی پور ، میگھالیہ ، ناگا لینڈ اور تریپورہ کے سرکاری اسکولوں کی حالت تلنگانہ سے ابتر ہے۔ رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے 78.8 فیصد اسکولوں میں عبوری نوعیت کے گرلز ٹائلٹس ہیں اور یہ اسکولس سرکاری امدادی اور خانگی شعبہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ تلنگانہ کے اسکولوں میں بوائز اور گرلز کیلئے ٹائلٹس کا جائزہ لیں تو قومی سطح پر 82.8 فیصد رینک حاصل ہوا ہے جبکہ آندھراپردیش کا مظاہرہ مزید بہتر ہے جہاں 94.7 اسکولوں میں طالبات کیلئے علحدہ ٹائلٹس کی سہولت دستیاب ہے۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ 88.5 اسکولوں میں طلبہ کیلئے واشنگ سہولت دستیاب ہے۔ر