تلنگانہ کے 93 لاکھ گھروں کو ڈیجیٹل کنکٹویٹی فراہم کرنے حکومت کا اعلان

   

4 مواضعات میں تجرباتی منصوبہ، ورلڈ بینک ٹیم کی سریدھر بابو سے ملاقات
حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ڈیجیٹل انقلاب کی سمت اہم پیشقدمی کرتے ہوئے 93 لاکھ گھروں کو ڈیجیٹل کنکٹویٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو سے سکریٹریٹ میں ورلڈ بینک کے عہدیداروں نے ملاقات کی اور ٹی فائبر منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹی فائبر منصوبہ کے تحت حکومت ہر گھر کو ہائی اسپیڈ انٹر نیٹ سے مربوط کرنا چاہتی ہے۔ پائیلٹ پراجکٹ کے تحت 4 دیہاتوں کو پہلے ہی ڈیجیٹل طور پر مربوط کیا جاچکا ہے۔ منصوبہ پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے ورلڈ بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے سریدھر بابو سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت وجینتی دیسائی اور کمبرلی جانس کررہے تھے۔ جن دیہاتوں کو ڈیجیٹل کنکٹویٹی سے مربوط کیا گیا ہے ان میں باجی پلی ( رنگاریڈی)، مدور ( نارائن پیٹ )، سنگو پیٹ ( سنگاریڈی ) اور اڈوی سری رام پور ( پدا پلی ) شامل ہیں۔ ورلڈ بینک کی ٹیم نے ان مواضعات کا دورہ کیا اور مقامی آبادی پر انٹرنیٹ کنکٹویٹی کے انقلابی اثرات کا مشاہدہ کیا۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت اندرون تین سال ریاست کے تمام دیہاتوں کو ڈیجیٹل کنکٹویٹی فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔ تلنگانہ میں پہلے ہی 32 ہزار کلومیٹر فائبر آپٹک نیٹ ورک بچھایا جاچکا ہے جس سے تلنگانہ ہندوستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں پیش پیش ہے۔ ورلڈ بینک ٹیم کی ملاقات کے موقع پر ڈپٹی سکریٹری آئی ٹی بھاویش مشرا، منیجنگ ڈائرکٹر ٹی فائبر وینو پرساد اور ورلڈ بینک کے نمائندہ ایشرا مہتا، ارون شرما اور سیؤسنز موجود تھے۔1