کروڑہا روپیوں کی ضبطی، مزید دھاؤں کا امکان، بینک لاکرس کی تفصیلات کا عنقریب انکشاف
حیدرآباد۔23۔نومبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں جاری 50ٹیموں کے ساتھ انکم ٹیکس کی کاروائی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیدارو ںکی جانب سے مختلف مقامات پر کی گئی کاروائی کے دوران کروڑہا روپئے ضبط کئے جاچکے ہیں جن کے متعلق محکمہ کے ذرائع کا دعوی ہے کہ یہ غیر محسوب نقد ہے جو ضبط کیا گیا ہے علاوہ ازیں جائیدادوں کے دستاویزات کے علاوہ الکٹرانک لاکرس کی بھی ضبطی عمل میں لائی گئی ہے۔ 21 نومبر کی علی الصبح 5:30سے جاری انکم ٹیکس کے دھاوے کے دوران اب تک 8کروڑ 85لاکھ روپئے ضبط کئے جانے کی اطلاع ہے جبکہ آج انکم ٹیکس عہدیداروں نے ریاستی وزیر سی ایچ ملا ریڈی کی دختر اور ان کی بہو کو کرانتی بینک کے علاوہ کنگ کوٹھی میں واقع ایک بینک کے لاکر کھلوانے کے لئے لے گئے لیکن لاکرس میں دستیاب ہونے والے اثاثہ جات کے متعلق تفصیلا ت کا علم نہیں ہوسکا۔ محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے منگل کی صبح جن مقامات پر دھاوے شروع کئے تھے ان تمام مقامات پر دھاؤوں کا سلسلہ جاری ہے اور صبح کی اولین ساعتوں میں ریاستی وزیر کے فرزند مہیندر ریڈی نے سینے میں تکلیف کی شکایت کی جس پر انہیں دواخانہ منتقل کیاگیا تھا اور شام تک تمام معائنوں کے بعد انہیں دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا۔ ڈاکٹرس کے مطابق مہیندرریڈی کی حالت مستحکم ہے اور انہیں کوئی عارضہ نہیں ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کی جانب سے کی جانے والی اس کاروائی میں 270سے زائد عہدیدار شامل ہیں جنہیں مہاراشٹر ‘ کرناٹک اور اوڈیشہ سے لایاگیا ہے۔ سی آر پی ایف کی نگرانی میں جاری اس کاروائی کے دوران ضبط کی جانے والی رقومات کے سلسلہ میں انکم ٹیکس عہدیداروں کی جانب سے ابھی سرکاری طور پر توثیق نہیں کی گئی ہے بلکہ کہا جا رہاہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران دھاوے مکمل کرنے کے بعد ہی محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے سرکاری طور پر ضبطی اور کی گئی کاروائی کے سلسلہ میں تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ ریاستی وزیر کے داماد و تلنگانہ راشٹرسمیتی قائد راج شیکھر ریڈی گذشتہ 4یوم سے ترکی میں ہیں اور ان کے مکان کی تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کی صبح وہ حیدرآباد واپس ہوں گے اور محکمہ انکم ٹیکس کے سوالوں کے جواب دیں گے۔ ریاستی وزیر کے برادران‘ فرزندان کے علاوہ ان کے قریبی رفقاء کے مکانات و دفاتر پر جاری انکم ٹیکس کے دھاؤوں کا سلسلہ جاری رہنے کے سبب کہا جا رہاہے کہ محکمہ انکم ٹیکس کو اس دھاوے میں بہت کچھ مواد حاصل ہوا ہے اسی لئے یہ کاروائی اب تک جاری ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی وزیر کے معاشی امور کے نگران سنتوش ریڈی کے مکان سے 4کروڑ روپئے نقد ضبط کئے گئے ہیں اس کے علاوہ مختلف مقامات سے کروڑہا روپئے کی رقومات کی ضبطی عمل میںلائی گئی ہے۔ بوئن پلی اور کوم پلی میں واقع سی ایچ ملا ریڈی کے مکان پر تلنگانہ راشٹر سمیتی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کی کوشش پر ریاستی وزیر انہیں واپس چلے جانے کا مشورہ دیا کیونکہ سی آر پی ایف کے عہدیداروں نے محکمہ انکم ٹیکس کی کاروائی میں کسی بھی طرح کا خلل پیدا کئے جانے کی صورت میں سخت کاروائی کا انتباہ دیاتھا۔ اس کے علاوہ ریاستی وزیر کے ایک اور رشتہ دارپروین ریڈی نے ناسازی صحت کی بنیا دپر شریک دواخانہ ہونے کی کوشش کی تھی لیکن ڈاکٹرس نے بعد معائنہ انہیں گھر واپس کردیا ۔ قبل ازیں ملا ریڈی کے مکان میں خدما ت انجام دینے والے ایک ملازم پر غشی طاری ہونے اور دورے پڑنے کے سبب اسے دواخانہ منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی وزیر کے داماد راج شیکھر ریڈی کی ترکی سے واپسی کے بعد ان سے پوچھ تاچھ کی جائے گی اور اس کے بعد ہی دھاوے ختم ہونے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ان کے داماد کے مکان سے بھی کروڑہا روپئے نقد اور بے شمار جائیدادوں کے دستاویزات برآمد ہوئے ہیں ۔ م