حیدرآباد۔ تلنگانہ اور آندھرا کے درمیان آبی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس 25 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔ دونوں ریاستوں کے درمیان پانی کے استعمال پر طویل عرصہ سے تنازعہ جاری ہے۔ ریور مینجمنٹ بورڈ کا گذشتہ اجلاس تکنیکی دشواریوں کے سبب ملتوی کیا گیا تھا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یکم جون سے شروع ہونے والے سال 2021-22 کیلئے دونوں ریاستوں کو پانی کی کٹوتی پر فیصلہ کیا جائیگا۔ رائلسیما لفٹ اریگیشن پراجکٹ پر اجلاس میں غور ہوسکتا ہے جس پر تلنگانہ حکومت کو اعتراض ہے جبکہ تلنگانہ کے بعض پراجکٹس پر آندھرا پردیش حکومت نے اعتراض جتایا ہے۔ مرکزی حکومت اور ریور مینجمنٹ بورڈ نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ حکومتوں پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے کیونکہ دونوں حکومتوں نے نئے شروع کردہ آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ مینجمنٹ بورڈ کی ہدایت کے باوجود دونوں حکومتیں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے سے قاصر رہیں۔ مینجمنٹ بورڈ سے آبپاشی پراجکٹ کے معائنہ کیلئے دونوں حکومتیں اصرار کررہی ہیں۔