9 اموات ۔ 175 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے ۔ ایک مائیگرنٹ بھی شامل
حیدرآباد 11 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کورونا وائرس تلنگانہ کو پوری شدت سے اپنی لپیٹ میں لینے لگا ہے اور آج اب تک کے سب سے زیادہ 208 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ آج جو کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان میں صرف ایک مائیگرنٹ ہے جبکہ 207 مقامی مریض ہیں ۔ اس طرح اب تک جملہ 3871 مقامی افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 449 مائیگرنٹس یا بیرون ملک سے آنے والے افراد متاثر ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں جملہ کورونا متاثرین کی تعداد 4320 تک جا پہونچی ہے جبکہ آج ایک دن میں کورونا سے 9 اموات کی بھی اطلاع ہے ۔ اس طرح اب تک مرنے والوں کی تعداد 165 ہوگئی ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اب تک جملہ 1993 افراد کو علاج اور صحتیابی کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ اس کے باوجود 2162 افراد ہنوز دواخانوںم یں زیر علاج بتائے گئے ہیں۔ آج جو اعداد و شمار جاری کئے گئے ان کے مطابق 207 مقامی متاثرین میں 175 کا تعلق گریٹر حیدرآباد کے حدود سے بتایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ میڑچل ضلع سے 10 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سات مریضوں کا تعلق رنگا ریڈی سے ہے ۔ محبوب نگر اور کریمنگر سے تین تین مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ورنگل اربن ‘ آصف آباد ‘ سدی پیٹ سے دو دو مریضوں کی اطلاع ہے ۔ ملگ ‘ کاما ریڈی ‘ ورنگل رورل اور سرسلہ سے ایک ایک کورونا پازیٹیو مریض کی اطلاع ملی ہے ۔