تلگو ریاست کی عوام کیلئے سنکرانتی کا تحفہ

   

وندے بھارت ٹرین کو آج وزیراعظم جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے

حیدرآباد۔14جنوری (سیاست نیوز) وندے بھارت ریل تلگو ریاست کے عوام کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے سنکرانتی کا تحفہ ہے جو کہ 15 جنوری کو صبح 9بجے سکندرآباد اسٹیشن سے روانہ ہوگی۔ مرکزی وزیر سیاحت مسٹر جی کشن ریڈی نے وندے بھارت ریل کے آغاز کے متعلق بتایا کہ افتتاح کے دن یہ ریل سکندرآباد تا وشاکھاپٹنم کے درمیان 22اسٹیشن پر روکی جائے گی تاکہ عوام کو اس ٹرین کے متعلق واقف کروایا جائے ۔ انہو ںنے بتایا کہ وندے بھارت ریل کا وزیر اعظم نریندر مودی دہلی سے جھنڈی دکھا کر صبح 9 بجے افتتاح انجام دیں گے اور یہ ٹرین اپنے پہلے سفر کے دوران 22 اسٹیشن پر رکے گی جبکہ اس کے بعد اس ٹرین کا توقف محض5 اسٹیشن پر ہوگا جن میں ورنگل ‘ کھمم ‘ وجئے واڑہ ‘ راجمندری کے علاوہ وشاکھاپٹنم شامل ہے۔ جی کشن ریڈی نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اب تک ملک بھر کے مختلف شہروں میں 5 وندے بھارت ٹرینوں کا آغاز کیا جاچکا ہے اور تلگوریاستوں کے درمیان سفر کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے یہ چھٹویں وندے بھارت ایکسپریس ٹرین ہے جس کا 15جنوری کو وزیر اعظم افتتاح انجام دیں گے۔ مرکزی وزیر سیاحت نے بتایا کہ دونوں ریاستوں کے درمیان شروع کی جانے والی اس ٹرین کی افتتاحی تقریب میں پروٹوکول کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ ریاستی وزراء ‘ ارکان پارلیمان اور ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ انہو ںنے مرکزی حکومت کی وندے بھارت ٹرین کے متعلق پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریل مسافرین کو اعلیٰ معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکومت کی جانب سے ان خدمات کا آغاز کیا گیا ہے۔ جی کشن ریڈی نے ملازمتوں کی فراہمی کے متعلق مرکزی حکومت کے منصوبہ کے متعلق دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت اگسٹ 2023 تک ملک بھر میں 10لاکھ نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کی منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے انہو ںنے بتایا کہ ماہانہ 70ہزار تا1لاکھ ملازمتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تاحال 1.5لاکھ نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاچکی ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ آئندہ دنوں میں مرکزی حکومت کے محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔م