وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی سے آن لائین کاموں کا آغاز کیا
حیدرآباد۔/6 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے تلگو ریاستوں میں 39 ریلوے اسٹیشنوں کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نے نئی دہلی سے ملک بھر میں508 ریلوے اسٹیشنوں کے ترقیاتی کاموں کا ورچول افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کے قریب شاپنگ کامپلکس اور گیمنگ زونس قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ریلوے اسٹیشنس مثالی ثابت ہوں گے۔ امرت بھارت اسکیم کے تحت تلگو ریاستوں کے 39 ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دی جائے گی۔ تلنگانہ میں 894.09 کروڑ کے مصارف سے 21 اور آندھرا پردیش میں 453.50 کروڑ کے مصارف سے 18 ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دی جائے گی۔ نامپلی ریلوے اسٹیشن میں منعقدہ تقریب میں مرکزی وزیر کشن ریڈی، گورنر سوندرا راجن، کریم نگر ریلوے اسٹیشن کی تقریب میں رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے اور آندھرا پردیش کے ایلور ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ تقریب میں گورنر جسٹس عبدالنذیر نے شرکت کی۔ تلنگانہ میں عادل آباد، بھدرا چلم، قاضی پیٹ، ہائی ٹیک سٹی، اپو گوڑہ، حیدرآباد، جنگاؤں، کاماریڈی، کریم نگر، کھمم، مدھیرا، محبوب نگر، محبوب آباد، ملک پیٹ، ملکاجگیری، نظام آباد، راما گنڈم، تانڈور، یادادری اور ظہیرآباد ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دی جائے گی۔