تلگو ٹی وی اداکارہ نے خودکشی کرلی ۔ محبت میں ناکامی پر اقدام کا شبہ ، پولیس تحقیقات جاری 

,

   

حیدرآباد : تلگو ٹی وی اداکارہ ناگا جھانسی نے آج اپنے مکان واقع سری نگر کالونی حیدرآباد میں خود کشی کرلی ۔پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ۲۱؍سالہ جھانسی کی نعش اپنے فلیٹ میں لٹکی ہوئی پائی گئی ۔ پولیس کے مطابق اس وقت ناگا جھانسی اپنے فلیٹ میں تنہا تھی ۔ جب اس کا بھائی درگا پرساد گھر آیا تودروازہ اندر سے بند تھا ۔ اور بہت دیر تک دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود دروازہ نہیں کھولا گیا ۔

بعد ازاں اس نے پڑوسیوں کی مدد سے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا توناگا جھانسی کی نعش پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی ۔ پنجہ گٹہ پولیس نے پوسٹ مارٹم کی غرض سے نعش کو گاندھی اسپتال منتقل کیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والی جھانسی ناگا تلگو کے کئی سیریلس میں کام کیا ۔

جس میں ماں ٹی وی پر پیش ہونے والا ’’ پوتر بندھن ‘‘ بہت مقبول سیریل مانا جاتا ہے ۔ ناگاجھانسی امیر پیٹ علاقہ میں ایک بیوٹی پارلر بھی چلاتی تھی ۔ جھانسی کے رشتہ داروں نے بتایا کہ جھانسی کسی نوجوان کی محبت میں گرفتار تھی ۔ اس مسئلہ کو لے کر وہ کافی پریشان رہا کرتی تھی ۔ رشتہ داروں نے شبہ ظاہر کیا کہ محبت میں ناکامی خودکشی کی وجہ ہوسکتی ہے ۔ پولیس جھانسی کا موبائل فون ضبط کرلیا ہے اور اس کے فون ریکارڈس کی جانچ کررہی ہے ۔