ڈینگو کے معائنے مفت کئے جائیں : ایٹالہ راجندر کی ہدایت
حیدرآباد 3 ستمبر (سیاست نیوز) تمام سرکاری دواخانو ںمیں آؤٹ پیشینٹ خدمات 24X7 جاری رہیں گی اور ڈینگو ٹسٹ مفت انجام دیئے جائیں گے ۔ ریاست کے دواخانوں سے رپورٹ وصول کرکے چیف منسٹر چندر شیکھر کو روانہ کی جائیگی اور انہیں ڈینگو اور دیگر وبائی امراض پر قابو پانے اقدامات سے واقف کروایا جائے گا۔ وزیر صحت مسٹر ای راجندر نے فیور ہاسپٹل کے دورہ کے بعد عہدیداروں سے تبادلہ خیال کے بعدیہ اعلان کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے وبائی امراض پر قابو پانے متعدد اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ۔ سرکاری دواخانوں میں ڈینگو متاثرین کیلئے علحدہ گوشہ تیارکرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور فیور ہاسپٹل کے علاوہ نیلوفر‘ گاندھی اور عثمانیہ دواخانہ میں ڈینگو اور دیگر وبائی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کی سہولت فراہم کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ای راجندر نے کہا کہ شہر میں ڈینگو کی شکایات کے ازالہ اور وبائی امراض کی روک تھام کیلئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ وزیر صحت نے سرکاری دواخانوں کے آؤٹ پیشینٹ شعبوں کو ہمہ وقت کھلا رکھنے کی ہدایت دی اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کے سبب علاج گریزاں ملازمین کے بقایاجات فوری جاری کرکے انہیں خدمات سے رجوع کروانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہاہے اور شہر میں ڈینگو کی وبا کے علاوہ دیگر امراض کو پھیلنے سے روکنے مجلس بلدیہ حیدرآباد کو مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے علاوہ کچرے کی نکاسی کی ہدایات دی گئیں ۔ فوری صفائی امور کا جائزہ لینے احکام جاری کئے جا چکے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ تمام اسکولو ںمیں 15دن میں ایک مرتبہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائیگا اور تمام علاقوں سے کچرے کی نکاسی کے اقدامات کئے جائیں اور کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔
