چینائی: تمل ناڈو کے اسکولی تعلیم کے وزیر امبیل مہیش پویاموزی نے بدھ کو اعلان کیا کہ نئے تعلیمی سال 23-2022کے لیے پہلی سے دسویں جماعت کے اسکول گرمیوں کی تعطیلات کے بعد 13 جون کو پھر سے کھلیں گے ۔یہاں صحافیوں کو معلومات دیتے ہوئے اسکولی تعلیم کے وزیر نے کہا کہ 11ویں جماعت (پلس ون) کے طلباء کے اسکول 27 جون سے اور کلاس 12 (پلس۔2 ) کے لیے 20 جون سے کھلیں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کلاس 10، 11، 12 کے بورڈ امتحانات اگلے سال مارچ اپریل میں ہوں گے ۔شیڈول کے مطابق تعلیمی سال 2022-2023 کے لیے کلاس 10ویں کے بورڈ کے امتحانات 3 اپریل 2023 سے ہوں گے ۔ اسی طرح گیارہویں جماعت کے طلباء کے امتحانات 14 مارچ اور 12ویں جماعت کے امتحانات 13 مارچ سے طے کیے گئے ہیں۔