تنظیم نسواں تعمیر ملت کا 8 نومبر کو خواتین و طالبات کا جلسہ

   


مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی کا خطاب ہوگا،ضیا الدین نیر اور دوسروں کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) ممتاز عالم دین مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی کل ہند مجلس تعمیر ملت کے 73 ویں یوم رحمت اللعالمینؐ کے ضمن میں 8 نومبر کو صبح 10:30 تا دوپہر ایک بجے میٹرو کلاسک گارڈن آرام گھر چوراہا راجندر نگر میں خواتین و طالبات سے خطاب کریں گے۔ ’’ملت کی تعمیر میں بہنوں اور بیٹیوں کا کردار‘‘ کے موضوع پر اس خصوصی خطاب کا اہتمام تنظیم نسواں کل ہند مجلس تعمیرملت نے کیا ہے۔ گلشن خلیل فرسٹ لانسر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرتعمیر ملت جناب ضیا الدین نیر نے پروگرام کی تفصیل بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ گاہ میں صرف خواتین و لڑکیوں کو ہی شرکت کی اجازت ہے۔ تاہم مرد حضرات کیلئے جلسہ گاہ کے باہر بیٹھنے اور ایل ای ڈی اسکرین پر جلسہ کی کاروائی کا مشاہدہ کرنے کا نظم رہے گا۔ پریس کانفرنس میں نائب صدر تعمیرملت جناب وہاج الدین صدیقی، کل ہند مجلس تعمیر ملت کے جنرل سکریٹری جناب محمد عمر شفیق اور محمد سیف الرحمن بھی موجود تھے۔ جناب ضیا الدین نیر نے بتایا کہ مولانا سجاد نعمانی کے خطاب کا اہتمام کیا تاکہ ان میں موجودہ حالات سے متعلق شعور بیدار کیا جائے۔ ابتداء میں جناب محمد عمر شفیق نے میڈیا نمائندوں کو جلسہ کے بارے میں واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ معاشرہ میں لڑکیوں و خواتین کو بے راہ روی سے بچانا بہت ضروری ہے۔ ملک کے کئی مقامات پر ایسے واقعات پیش آرہے ہیں جہاں ہماری لڑکیاں ارتداد کا شکار ہورہی ہیں۔ نوجوان لڑکیوں کو دین سے قریب کرکے ہی اس طرح کے فتنوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج ہماری بہنوں بیٹیوں کو حضرت بی بی خدیجہؓ، حضرت بی بی فاطمہؓ، حضرت بی بی عائشہؓ، حضرت اسماء اور صحابیات کی سیرت سے واقف کروانا بہت ضروری ہے۔ جناب وہاج الدین صدیقی نے بتایا کہ جن خطوط پر جس میں تعلیمی، مذہبی، سماجی خطوط شامل ہیں، جلسہ رحمتہ اللعلمینؐ منعقد کرتی آرہی ہے۔ صدر تعمیر ملت جناب ضیا الدین نیر اور ان کے رفقاء نے ملت کی بہنوں اور بیٹیوں سے جلسہ میں شرکت کی گذارش کی ہے۔