مہلوکین میں 22 بچے بھی شامل‘حملہ آور نے اپنی بیوی اور بچے کو گولی مارکرخودکشی کرلی
بنکاک :تھائی لینڈ میں ایک چائلڈ کیئر سنٹر پر اندھا دھند فائرنگ کا اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے چائلڈ کیئر سنٹر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہر طرف چیخ و پکار کا عالم دیکھا گیا۔ میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے شمال مشرقی علاقہ میں ہوئی اس اندھا دھند فائرنگ میں اب تک 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیوز ایجنسی رائٹر نے پولیس کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ کئی افراد اس واقعہ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔بچوں کے ڈے کیئر سنٹر پر ہوئی اس گولی باری میں بڑی تعداد میں بچوں کی ہلاکت کی خبرہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 34 مہلوکین میں کم از کم 22 بچے شامل ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے اپنی بیوی اور بچے کو بھی گولی سے اڑا دیا، اور پھر بعد میں اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم پولیس لیفٹیننٹ تھا جس کا نام پانیا کھامراب ہے۔ اس کی عمر 34 سال ہے اور وہ قریب کے ہی پولیس اسٹیشن میں تعینات تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کچھ وقت پہلے ہی اسے ملازمت سے نکالا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈے کیئر سنٹر میں اس شخص نے جب فائرنگ کی تو بچے سو رہے تھے۔ وہاں اندھا دھند فائرنگ کے بعد وہ گھر گیا، جہاں اس نے اپنی بیوی اور بچے کو گولی ماری۔ اس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔