تین ٹانگوں والی باہمت ہتھنی بھی جینے پر مجبور

   

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ میں ایک ٹانگ سے محروم ہتھنی نے نہ صرف اپنے بھاری بھرکم وجود کے ساتھ چلنا سیکھ لیا ہے بلکہ غول کے دیگرہاتھیوں کی مدد سے اس نے معمول کی زندگی گزارنی شروع کردی ہے جس کی ویڈیو کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔31 سالہ ماہر ڈیلن پونس کی ذاتی تحفظ گاہ (گیم ریزرو) میں یہ ہتھنی دکھائی دی ہے اور اسے ووٹومی کا نام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل جنگلی حیات پر نظررکھنے والے کیمرہ نیٹ ورک میں بھی اسے دیکھا گیا تھا۔ ڈیلن اور ان کے ساتھیوں نے حیاتیاتی پناہ گاہ میں ایک چھوٹے ڈیم کے پاس اسے دیکھا اور وہ گرمی سے بچنے کیلئے پانی میں آرام کررہی تھی۔ ماہرین کے مطابق تین ٹانگوں کے باوجود اس ہتھنی نے ہتھیار نہیں ڈالے جس کی ایک ٹانگ کی جگہ گوشت کا چھوٹا ٹکڑا لٹکتا دکھائی دیتا ہے۔