ثانیہ کے ٹوئٹ پر شعیب ملک تنقید کا نشانہ

   

لندن ۔27 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو کراری شکست دی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں سے کامیابی درج کی اور ساتھ ہی پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی امیدوں کو برقرار رکھا۔ اس میچ کے بعد ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ایسا ٹویٹ کیا ، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین ثانیہ کے شوہر پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کو ہی تنقید کا نشانہ بنادیا ہے۔ دراصل ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مداحوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے حالانکہ اس کے بعد کے میچوں میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے جنوبی افریقہ کو اور پھر ورلڈ کپ کی اب تک کی ناقابل تسخیر ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دی ۔ ثانیہ مرزا نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد ٹویٹ کیا کہ کھیل کتنا ناقابل یقین ہوسکتا ہے ، پاکستانی ٹیم کو مبارکباد۔ ثانیہ کے اس ٹویٹ پر لوگوں نے شعیب ملک کر ٹرول کرنا شروع کردیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ پاکستان اس لئے کامیاب ہوا کیونکہ شعیب ملک ٹیم میں نہیں تھے۔خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ثانیہ مرزا کی حقہ پارٹی کی ایک ویڈیو کافی وائرل ہوئی تھی جس پر پاکستانی کرکٹ شائقین نے جم کر اپنے غصے کا بھی اظہار کیا تھا۔