جئے پال ریڈی کو غلام نبی آزاد اور ملکارجن کھرگے کا خراج

   

Ferty9 Clinic

سیکولرازم اور سوشلزم میں کامل یقین،سیتارام یچوری کا بیان
حیدرآباد۔29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد اور لوک سبھا میں سابق اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے حیدرآباد پہنچ کر سینئر پارلیمنٹیرین ایس جئے پال ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جئے پال ریڈی کی ارتھی کو کارکنوں کے دیدار کے لئے گاندھی بھون میں رکھا گیا تھا جہاں سینئر قائدین اور کارکنوں نے انہیں خراج پیش کیا۔ غلام نبی آزاد ، ملکارجن کھرگے کے علاوہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا، سکریٹری اے آئی سی سی سلیم احمد ، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سابق وزیر محمد علی شبیر ، ایم ایل سی جیون ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، سابق وزیر سنتوش ریڈی اور دیگر قائدین نے خراج ادا کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ جئے پال ریڈی اصول پسند قائد تھے اور انہوں نے اپنی ساری زندگی اصولوں کے تحت گزاری ہے۔ پارلیمنٹ اور اس کے باہر ان کی شناخت قابل سیاستداں کے علاوہ عوامی قائد کی حیثیت سے ہوتی رہی۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ آنجہانی قائد کو تلگو ، ہندی ، انگلش اور اردو زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ ایسی شخصیت آج ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ مرکزی وزیر کی حیثیت سے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہیں بیسٹ پارلیمنٹیرین کا ایوارڈ پیش کیا گیا تھا۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی جانب سے وہ خراج پیش کرنے کیلئے پہنچے ہیں۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ جئے پال ریڈی کا دیہانت پارٹی کیلئے عظیم نقصان ہے ۔ ان کی موت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے ، اس کا پر ہونا ناممکن ہے۔ زمانۂ طالب علمی سے میری ان سے ملاقات تھی ۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ جئے پال ریڈی ایک ڈکشنری کی طرح تھے ، وہ جس عہدہ پر رہے ، اس کے ساتھ انصاف کیا۔ سوشیلزم اور سیکولرزم کے اصولوں پر ہمیشہ قائم رہے۔ سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہا کہ گزشتہ تین دہوں سے وہ جئے پال ریڈی کو جانتے ہیں اور انہوں نے آنجہانی قائد سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ان کا دیہانت ملک کیلئے عظیم نقصان ہے۔