سہسرام: بہار میں ضلع روہتاس کے نوہٹہ تھانہ علاقہ کے تحت ہرمیٹھا گاؤں میں جادو ٹونے کے الزام میں عمر رسیدہ خاتون کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع نے جمعہ کے روز یہاں بتایا کہ ہرمیتھا کے اپیندر اوراؤن کا آٹھ سالہ بیٹا رنجن گزشتہ چند دنوں سے بیمار تھا۔ اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی اور اسپتال لے جاتے وقت ان کی موت ہوگئی۔ رنجن کی موت کے بعد، اس کے خاندان نے پڑوسی ہری ونش اوراؤن کی 60 سالہ بیوی کسمتیہ دیوی پر جادو ٹونا کرنے کا الزام لگایا۔ ذرائع نے بتایا کہ گھر والے رنجن کی لاش لے کر کسمتیہ دیوی کے گھر پہنچے اور مار پیٹ کرنے لگے ۔ رنجن کی ماں پرمیلا دیوی نے بزرگ خاتون کسمتیا دیوی پر حملہ کر دیا۔ پہلے انہوں نے اینٹ، پتھروں اور لاٹھیوں سے حملہ کیا۔ بعدازاں کسمتیہ دیوی پر تیز دھار دار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور رنجن اور کسمتیہ دیوی کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سہسرام صدر اسپتال بھیج دیا۔