جامع مسجد نرمل کے امام و خطیب مولانا مبین الدین قاسمی سڑک حادثہ میں شدید زخمی

   

نرمل /24 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا محمد مبین الدین قاسمی امام و خطیب جامع مسجد نرمل آج ایک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب مولانا بھینسہ سے نرمل آٹو میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ نرمل آرہے تھے کہ موضع کلور کے قریب ایک موٹر سائیکل راں نے آٹو کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں آٹو اُلٹ گیا۔ اتفاق سے آٹو کے اُلٹنے سے ان پر آٹو گر گیا اور مولانا کے پیر میں فریکچر آیا اور سر پر بھی زخم آئے ۔ تاہم حالت خطرہ سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ اطلاع ملتے ہی انتظامی کمیٹی جامع مسجد نرمل کے معتمد نے انہیں کلور پہونچکر نرمل میں سرکاری دواخانہ منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔ آٹو میں ان کے ہمراہ پانچ افراد تھے جنہیں معمولی خراش بھی نہیں آئی تاہم مولانا کے زخمی ہوتے ہی یہ اطلاع جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ کئی لوگ سرکاری دواخانہ نرمل پہونچکر ان کی خیریت دریافت کی ۔