جامع مسجد کی مرمت کیلئے وزیراعظم سے نمائندگی

   

آرکیالوجیکل سروے کو ہدایت دینے شاہی امام بخاری کی اپیل
نئی دہلی : جامع مسجد دہلی کے شاہی امام نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے تاریخی یادگار کے میناروں کو نقصان کی مرمت کے سلسلے میں نمائندگی کی ہے ۔ یہ میناروں کو قومی دارالحکومت میں حالیہ طوفانی موسم کے سبب نقصان پہنچا ہے ۔ شاہی امام نے وزیراعظم سے اس کی مرمت کرانے کی اپیل کی ہے ۔ اُنھوں نے کہاکہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو ہدایت دی جائے کہ وہ اس تاریخی عمارت کا معائنہ کرے اور ضروری مرمتی کام کرائے۔ شاہی امام سید بخاری نے بتایا کہ جامع مسجد کے مینار کے پتھر ماضی میں بھی گریں ہے ۔ یہ چھوٹے چھوٹے پتھر گرتے رہتے ہیں اور اس مرتبہ یہ اپنی نوعیت کا چوتھا واقعہ ہے ۔ امام بخاری نے کہا کہ موجودہ لاک ڈاؤن کے دوران ہر کوئی گھر میں عبادت کررہا ہے اس لئے مسجد میں ہجوم نہیں ہے ۔ یہ وقت اے ایس آئی کیلئے مناسب ہے کہ مسجد میں مرمتی کام انجام دیا جائے ۔ سابق میں جامع مسجد میں اے ایس آئی کا دفتر ہوا کرتا تھا لیکن مسجد سے اس دفتر کی برخواستگی کے بعد اب مسجد کو کچھ نقصان ہوتا ہے تو پہلے بجٹ طئے کیا جاتا ہے پھر مرمتی کام ممکن ہوتا ہے ۔