امرتسر: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس میں طلبہ پر پولیس کا لاٹھی چارج، آنسو گیس اور علی گڑھ میں مسلم یونیورسٹی میں طلبہ کی پٹائی پر امرتسر کی سکھ یوتھ پنجاب (ایس وائی پی) نے شدید مذمت کی ہے۔ سکھ یوتھ پنجاب کے اراکین نے امرتسر کی گرونانک دیو یونیورسٹی میں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے طلبہ پر پولیس کے ظلم کے خلاف آواز اٹھائی اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور برہمی کا اظہار کیا۔
ایس وائی پی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کس طرح لڑکیوں کے کیمپس میں گھس کر انہیں مارسکتی ہے۔ اس تشدد میں کئی طلبہ شدید زخمی او ربعض کی حالت نہایت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ایس وائی پی نے پولیس کے اس حرکت کو ”پولیس دہشت گردی“ بتایا۔ انہوں نے خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔