نئی دہلی 23 جون (یو این آئی) صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے جسٹس کے ٹی تھامس (سبکدوش)، جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین (بعد از مرگ)، گلوکارہ الکا یاگنک اور کرکٹر روہت شرما سمیت 66 شخصیات کو پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈز سے نوازا۔ مرمو نے راشٹرپتی بھون کے گنتنتر منڈپ میں ‘شہری اعزازعطا کرنے تقریب-II میں ایوارڈز پیش کیے ۔ تقریب میں دو شخصیات کو پدم وبھوشن، سات کو پدم بھوشن اور 57 کو پدم شری سے نوازا گیا۔ پی نارائن اور جسٹس کے ٹی تھامس (سبکدوش) کو پدم وبھوشن، ڈاکٹر وجے امرت راج، ایس کے ایم مئیلانندن، مموٹی، ویلا پلی نٹیشن، ڈاکٹر دتاتریڈو نوری، شیبو سورین (بعد از مرگ) اور گلوکارہ الکا یاگنک کو پدم بھوشن سے نوازا گیا۔ اس موقع پر نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیراعظم مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزراء کی کونسل کے کئی وزراء اور دیگر معززین موجود تھے ۔ مرمو نے 25 مئی کو منعقدہ پہلی شہری اعزاز عطا کرنے کی تقریب میں 65 پدم ایوارڈز پیش کیے تھے۔
جن میں کئی وبھوشن، چھ پدم بھوشن اور 57پدم شری شامل تھے ۔ پدم ایوارڈز ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ایک ہیں۔ یہ تین زمروں پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری میں دیے جاتے ہیں۔ یہ ایوارڈز فن، سماجی خدمت، عوامی امور، سائنس اور انجینئرنگ، تجارت اور صنعت، طب، ادب اور تعلیم، کھیل، پبلک سروس وغیرہ جیسے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے لیے دیے جاتے ہیں۔’پدم وبھوشن’ غیر معمولی اور ممتاز خدمات کے لیے ، ‘پدم بھوشن’ اعلیٰ درجے کی ممتاز خدمات کے لیے اور ‘پدم شری’ کسی بھی شعبے میں ممتاز خدمت کے لیے دیا جاتا ہے ۔ ان ایوارڈز کا اعلان ہر سال یومِ جمہوریہ کے موقع پر کیا جاتا ہے ۔