نئی دہلی ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کل 11 بجے رکن راجیہ سبھا کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ راجیہ سبھا کی کل کی کارروائی کی تفصیلات میں حلف برداری کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس ہفتہ کے اوائل میں صدرجمہوریہ نے اپنے کوٹہ کے تحت جسٹس گوگوئی کو راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے راجیہ سبھا کی نامزدگی کیلئے کی گئی پیشکش کو قبول کیا ہے۔ عدلیہ اور مقننہ کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ قومی تعمیر میں اہم رول ادا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کل حلف لیں گے۔ ان کی راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے نامزدگی کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں ایک رٹ درخواست داخل کی گئی ہے۔ ماہر تعلیم مدھو پورنیما کشاور نے کہاکہ انہوںنے سپریم کورٹ میں گوگوئی کی نامزدگی کو چیلنج کیا ہے۔
