جسٹس کے لکشمن نے کے ٹی آر کے مقدمہ کی سماعت سے خود کو علحدہ کرلیا

   

حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ اور رکن اسمبلی جگدیش ریڈی کی جانب سے دائر کردہ کریمنل پٹیشن کی سماعت سے خود کو علحدہ کرلیا ہے۔ دونوں قائدین نے اپنی درخواست میں میڈی پلی پولیس اسٹیشن راچہ کنڈہ میں اُن کے خلاف درج کردہ ایف آئی آر کو کالعدم کرنے کی اپیل کی ہے۔ سماعت کے موقع پر جسٹس لکشمن نے ہائی کورٹ رجسٹری کو ہدایت دی کہ پٹشین کو کارگذار چیف جسٹس سجئے پال کے روبرو پیش کریں تاکہ کسی اور بنچ پر سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ واضح رہے کہ 25 مئی 2024 کو رکن کونسل تین مار ملنا کی شکایت پر میڈی پلی پولیس نے ایف آئی آر درج کی تھی۔ شکایت میں کہا گیا کہ 27 مئی 2024 کو ورنگل، نلگنڈہ اور کھمم اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے الیکشن کے موقع پر بی آر ایس قائدین نے ان کے خلاف مہم چلائی تھی۔ اسی دوران جسٹس لکشمن نے کے ٹی آر کی جانب سے دائر کی گئی ایک اور درخواست پر تلنگانہ حکومت اور شکایت کنندہ انیل کمار یادو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 مارچ تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ انیل کمار یادو نے 20 اگسٹ 2024 کو سیف آباد پولیس اسٹیشن میں کے ٹی آر کے خلاف شکایت درج کرائی کہ انہوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اکاؤنٹ پر چیف منسٹر کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے ہیں۔ کے ٹی آر ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کے ساتھ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔1