حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) ملازمت سے سبکدوشی سے بچنے کیلئے فرضی تعلیمی سرٹیفکیٹس کا استعمال کرنے والے ایک ریٹائرڈ اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس کو نارائن گوڑہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 61 سالہ محمد عبدالرؤف ساکن ہری باؤلی جو سابقہ پولیس ملازم ہے 31 مئی 2018 کو سنتوش نگر پولیس اسٹیشن سے سبکدوش ہوگئے تھے لیکن مذکورہ عہدیدار نے تلبیس شخصی اور جعلسازی کے ذریعہ ایک تعلیمی سرٹیفکیٹ داخل کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل پولیس اور پولیس کمشنر حیدرآباد سے نمائندگی کی اور ملازمت کیلئے مزید دو سال اضافہ کرنے کی درخواست کی اور یہ دعویٰ کیا کہ گورنمنٹ ہائی اسکول سلطان شاہی سے جاری کیا گیا سرٹیفکیٹ اصلی ہے۔ اس سلسلہ میں نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور تعلیمی سرٹیفکیٹ کو فارنسک لیباریٹری کو بھیجا گیا تھا جس میں سرٹیفکیٹ فرضی ہونے کی توثیق کی گئی۔ نارائن گوڑہ پولیس نے محمد عبدالرؤف کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا۔
