نقلی پولیس کی ٹولی کا پردہ فاش، پانچ افراد گرفتار دیگر مفرور
سی سی ایس کوکٹ پلی اور جگت گیری گٹہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس نے نقلی پولیس والوں کی ایک ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ ایک اور مفرور بتایا گیا ہے ۔ سی سی ایس کوکٹ پلی اور پولیس جگت گیری گٹہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کا پردہ فاش کردیا ۔ پولیس نے ناگراجو راگھو ورما عرف ومنشی و ساکن آندھرا پردیش یشونت سنگھ عرف راہول ساکن اترپردیش پردیپ کمار مشرا ساکن بہار جو مفرور ہے ۔ ستیہ بھان سنگھ عرف ٹھاکر اترپردیش ، ٹی ناگیندر ورما ساکن حیدرآباد اور سنیل کمار عرف قوزی ساکن ہریانہ مفرور بتائے گئے ہیں ۔ گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے موبائل فون ، لیاپ ٹاپ ایک ایر پستول ایک دیسی ساختہ پستول پولیس یونیفارم ، نقلی شناختی کارڈ ، ہتھکڑی ، نام کے پلیٹ ، فرضی گورنمنٹ دستاویزات لیٹر ہیڈ ، فرضی نمبر پلیٹ ، فرضی ناموں کی تختیاں ، موٹر سائیکل اور کار کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والا شخص ناگراجو ورما 12 مقدمات میں ملوث ہے جس نے سائبر آباد ۔ حیدرآباد ۔ آندھرا پردیش اور جھارکھنڈ میں واردتوں کو انجام دیا اس کے خلاف دو مرتبہ پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جاچکا ہے جو پوڈور پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ یشونت سنگھ ، پردیپ کمار مشرا ، ستیہ بھان سنگھ اور ناگیندر ورما ڈکیتی ، سرقہ ، سائبر جرائم اور دیگر سرقہ کی وارداتوں میں ملوث بتائے گئے ہیں ۔ 18 مئی کو شوبھودیہ کالونی میں واردات پیش آئی تھی ۔ جس کی رپورٹ 20 مئی کو درج کی گئی ۔ شکایت گذار پرشانت نگر علاقہ سے موٹر سائیکل پر گذر رہا تھا کہ چند افراد نے اس کا راستہ روکا اور خود کو پولیس ظاہر کیا ان نقلی پولیس کی ڈاکوؤں کی ٹولی نے خود کو ہریانہ پولیس کی شناخت ظاہر کی اور شکایت گذار کو گاڑی میں بٹھالیا اور اس شخص کو سوریہ پیٹ علاقہ میں لے گئے اس کے قبضہ سے رقم چھین لی ایک لاکھ روپئے بینک کھاتے سے نکالنے کے بعد ایک لاکھ ٹرانسفر کروالیا اور اس طرح مختلف مراحل اور موقعوں پر اس بدنام زمانہ شاطروں کی ٹولی نے اس شخص سے جس کا پولیس کے نام پر اغواء کیا گیا تھا کل 5,26,000 روپئے لوٹ لیے ۔ پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔۔ ع m/b
کیبل بریج سے چھلانگ لگاکر نوجوان لڑکی نے خودکشی کرلی
حیدرآباد۔3 جون (سیاست نیوز) ہائی ٹیک سٹی علاقہ میں کیبل بریج سے چھلانگ لگاکر ایک نوجوان لڑکی نے خودکشی کرلی جبکہ اس لڑکی کے والدین لڑکی کو تلاش کررہے تھے اور پولیس میں شکایت کی گئی تھی۔ اس دوران لڑکی کی نعش برآمد ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گمشدہ لڑکی اور کیبل بریج سے دستیاب لڑکی کی نعش ایک ہی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ 26 سالہ روجہ رمنی جو گزشتہ روز سے لاپتہ ہوگئی تھی لڑکی نے کیبل بریج سے چھلانگ لگاکر انتہائی اقدام کرلیا۔ لڑکی ایک خانگی ہاسپٹل میں ملازمت کرتی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ بینک لون ریکوری کے ایجنٹس کی جانب سے روجہ رمنی کو شدید ہراساں و پریشان کیا جارہا تھا جس سے تنگ آکر لڑکی نے انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع؍F
سکندرآباد میں بے قابو بس کی دہشت ، ایک نوجوان زخمی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد جوبلی ہلز بس اسٹاپ کے قریب آر ٹی سی بس جو کارخانہ جارہی تھی اپنا توازن کھو بیٹھی اور ایک بائیک پر بس چڑھا دی جس کے نتیجہ میں شیوا نامی بائیک سوار بس کے اگلے ٹائر کے نیچے پھنس گیا ۔ مقامی لوگوں نے نوجوان کو بچانے کی کوشش کی جس میں ناکام ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی ماریڈ پلی ٹریفک پولیس نے کرین کو طلب کر کے بس کو اٹھا کر نوجوان کو باہر نکالا اور زخمی کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کردیا اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش m/b
سی آئی ایس ایف کا معطل کانسٹیبل گانجہ کے ساتھ گرفتار
ماضی میں جیل کی سزا ، ٹاسک فورس ٹیم جوبلی ہلز کی کارروائی
حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس جوبلی ہلز زون کی ٹیم نے سی آئی ایس ایف کے معطل شدہ کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 79 لاکھ مالیتی گانجہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق 39 سالہ شیوا کرشنا متوطن تیروواننتاپورم (کیرالا) کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے اور اس نے سال 2009ء میں سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کی ملازمت حاصل کی اور بعد میں اسے ایم ڈی آر ایف میں ڈیپوٹیشن میں تعینات کیا گیا تھا۔ اپنی ملازمت کے دوران کئی افراد سے رابطہ میں آیا جو بین ریاستی گانجہ فروخت کرنے کا کام کرتے تھے۔ شیوا کرشنا جو معاشی پریشانی کا شکار تھا، نے اپنی سی آئی ایس ایف وردی کا بیجا استعمال کرتے ہوئے گانجہ کی اسمگلنگ شروع کی اور جو کوئی بھی چیک پوسٹ پر اسے گاڑی کی تلاشی کیلئے روکا جاتا تو وہ سی آئی ایس ایف کا شناختی کارڈ بتا کر وہاں سے بچ نکلتا۔ پولیس نے بتایا کہ 2025ء میں بھدرادری کتہ گوڑم دماپیٹ پولیس نے اسی کانسٹیبل کو گانجہ کے کاروبار میں ملوث ہونے پر اسے گرفتار کرکے کھمم ضلع جیل میں قید رکھا تھا، لیکن جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور 158 کیلوگرام گانجہ کا لوڈ لے کر اپنی کار میں شہر پہنچا تھا کہ اسے پولیس نے ایس آر نگر میں گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے منشیات برآمد کرلی جس کی مالیت 79 لاکھ روپئے بتائی گئی۔بJM
معمر خاتون کے زیورات اور موبائل فون لے کر فرار ہونے والا رہزن گرفتار
مسروقہ مال برآمد ، ٹولی چوکی پولیس کی کارروائی ، اے سی پی سید فیاض کا بیان
حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) ٹولی چوکی پولیس نے ایک رہزن کو گرفتار کرلیا جو معمر خاتون کے طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگیا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ٹولی چوکی ڈیویژن سید فیاض نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 45 سالہ پی کمارا سوامی نے جو شام ہوم کیر سرویسیس کا ملازم ہے اور اس ادارہ کے ذریعہ وہ معمر جوڑے 77 سالہ آشا سکسینہ اور ان کے شوہر ڈاکٹر آنند سوروپ سکسینہ کی دیکھ بھال کیلئے رکھا گیا تھا، 31 مئی کو کمارا سوامی نے اس معمر خاتون پر اچانک حملہ کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے موبائل فون، طلائی چین اور مصنوعی چوڑیاں لے کر فرار ہوگیا۔ پولیس ٹولی چوکی نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی تھی اور اسے پاٹ مارکٹ سکندرآباد میں اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ مسروقہ مال فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اے سی پی فیاض نے بتایا کہ کمارا سوامی کو 2017ء میں وہاں کی عدالت نے بیوی کو خودکشی پر اُکسانے کے کیس میں قصوروار پائے جانے پر 5 سال کی سزا سنائی تھی۔ اسی طرح فلم نگر شاد نگر اور کتور پولیس اسٹیشن میں بھی اس کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔بJM
بورابنڈہ میں نوجوان کے قتل سے علاقہ میں سنسنی
حیدرآباد۔3 جون (سیاست نیوز) بورا بنڈہ کے علاقہ میں آج شام قتل کی واردات سے سنسنی پیدا ہوگئی جہاں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان پر حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔ اس واردات کے بعد علاقہ سائیٹ تری بورا بنڈہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ اطلاع کے بعد کی پولیس نے مقام واردات پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور ضابطہ کی کارروائی کے بعد نعش کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا۔ مقتول کی شناخت 30 سالہ شاہد ساکن بابا سیلانی نگر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ شاہد پیشہ سے ٹائیلس کا کام کرتا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ شاہد پر حملہ کرنے والے اس کے قریبی ساتھی بتائے گئے ہیں پولیس بورابنڈہ مصروف تحقیقات ہے۔ ع؍F
ظہیر آباد میں غیر قانونی ڈرگ تیاری یونٹ کا ریاکٹ بے نقاب
20 کروڑ مالیتی اشیاء ضبط ، 18 افراد گرفتار ، پولیس کمشنر نکیت کوشک کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سنگاریڈی ضلع کے ظہیر آباد میں پولیس نے غیر قانونی ایم ڈی ڈرگس کی تیاری کے یونٹ پر دھاوا کرتے ہوئے منشیات کی تیاری کے بڑے ریاکٹ کا پردہ فاش کیا ہے ۔ پولیس نے 20.72 کروڑ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرتے ہوئے 18 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ مہاراشٹرا میں جاریہ سال ایم ڈی ڈرگ کی تحقیقات کے دوران یہ معاملہ سامنے آیا ۔ ایم بی وی وی پولیس کمشنر نکیت کوشک نے بتایا کہ کرائم ڈیٹکٹیشن برانچ نے 4 اپریل کو تھانے ڈسٹرکٹ میں چھاپہ مارتے ہوئے 1.324 کلو ایم ڈی ڈرگ جس کی مالیت 2.66 کروڑ روپئے تھی ضبط کرلیا تھا ۔ اور فردوس ارباز قریشی اور ان کے شوہر ارباز قریشی کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت اور بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور تھانے ، ممبئی کے متعدد مقامات بشمول میرا روڈ ، اگری پاڈا ، مالوانی اور منوری سے 13.65 کروڑ روپئے مالیتی منشیات کیمیکل اور لیبارٹری کا سامان برآمد کیا تھا ۔ اور اس سلسلہ میں کئی گرفتاریاں عمل میں آئی تھی جس کے بعد پولیس کی تفتیش میں ظہیر آباد کے پمپار گاڑی تانڈہ کے ایک فارم ہاوز جو دو ایکٹر پر ہیں جس میں منشیات کی تیاری کا انکشاف ہوا ۔ اے سی پی کرائم مدن بلال کے مطابق تلنگانہ یونٹ میں چھاپے کے نتیجے میں 3 کلو گرام ایم ڈی ڈرگس ، 2293 لیٹر کیمیکل ضبط کئے گئے ۔ جن میں کلوروفارم ، ایسٹون ، مونو میتھائلمائن ، ہائیڈو کلورک ایسڈ اور 2 برومو شامل ہیں ۔ جن کی مالیت 6.22 کروڑ روپئے تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ غیر قانونی سہولت مبینہ طور پر مصنوعی نشہ آور اشیاء کی ۔ تیاری کے لیے استعمال کی جارہی تھی ۔ اس سلسلہ میں 18 افراد کو گرفتار کیا گیا اور مزید تحقیقات جارہی ہے ۔ تحقیقات کے بعد مزید گرفتاریاں بھی ممکن ہے ۔۔ ش m/b