جمعہ کے دن کی فضیلتیں

   

ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’اے ایمان والو !جب تمہیں جمعہ کے دن نماز کے لئے پکارا جائے تو بلا تاخیر اللّه کے ذکر کی طرف چلے آؤ اور کاروبار چھوڑ آؤ اگر تمہیں علم ہے تو یہی تمہارے لئے بہتر ہے ۔ ( سورہ جمعہ -۹ )اس آیت کا شانِ نزول یہ ہے کہ یہودیوں نے تین چیزوں کے ساتھ مسلمانوں پر فخر کیا کہ ہم اللّه کے محبوب ہیں ہمارے پاس کتاب ہے تمہارے پاس کوئی کتاب نہیں اور ہمارے لئے ہفتہ کا دن عبادت کے لئے مقرر ہےجب کہ تمہارا کوئی دن مقرر نہیں۔ اس آیت کے ساتھ اللّه تعالیٰ نے اس کی تردید فرمادی ۔
حضرت ابن عباس رضی اللّه تعالیٰ عنہ سے روایت ہے فرمایا رسول اللّه ﷺ نے : ’’بےشک یہ (جمعہ) وہ دن ہے جس کو اللّه تعالیٰ نے مسلمانوں کے لئے عید کا دن بنایا ہے تو پس جو کوئی جمعہ کے لئے آئے وہ غسل کرلے اور خوشبو موجود ہو تو لگالے اور تم مسواک کو لازم کر لو‘‘۔ (سنن ابن ماجہ )کثیر بن عبدالله عبدالله سے اور وہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں ، نبی اکرم ﷺ نے فرمایا : جمعہ کے دن ایک ساعت ایسی ہے جس میں دُعا مانگنے والے کو محروم نہیں رکھا جاتا پوچھا گیا یا رسول اللّه ﷺ وہ کس وقت ہے ؟ فرمایا : جمعہ کی نماز کے آغاز سے اختتام تک ہے ۔( ترمذی اور ابن ماجہ )
حضرت ابوبردہ بن ابوموسی اشعری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھ سے حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ کیا تم نے اپنے باپ سے جمعہ کی گھڑی کی شان کے بارے میں رسول اللہ ﷺسے کوئی حدیث سنی ہے انہوں نے فرمایا کہ میں نے کہا ہاں وہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺکو فرماتے ہوئے سنا کہ وہ گھڑی امام کے(خطبہ میں) بیٹھنے سے لے کر نماز پوری ہونے تک ہے۔(صحیح مسلم )
نبی اکرم ﷺ نے مزید فرمایا : جمعہ تمام دنوں کا سردار ہے اور اللّه ﷻ کے نزدیک تمام دنوں سے افضل ہے حتیٰ کا عید کے دن سے بھی افضل ہے (طبرانی )حضرت ابو امامہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللّه ﷺ نے فرمایا : جمعہ کے دن بکثرت مجھ پر درود بھیجو کیونکہ میری اٌمّت کے درود جمعہ کے دن مجھے پیش کے جاتے ہیں اور قیامت کے روز وہی شخص میرے سب سے قریب ہوگا جو سب سے زیادہ مجھ پر درود بھیجےگا ( ابن ماجہ )
اللّه اللّه کتنے خوش نصیب ہیں ہم کہ اللّه تعالیٰ نے ہمیں اُمّت محمدیہ میں پیدا کیا اور ہمیں اپنے محبوب ﷺ کے صدقہ میں سب سے افضل بابرکت جمعہ کا دن عطاء فرمایا اور ایک ساعت بھی بخشی جس میں ہماری ہر جائز دُعاوں کی قُبولیت کی بشارت بھی دی ! الحمداللہ !
اے ربِ کریم تو ہم سب کو تا حیات ہر جمعہ کو مبارک فرما، ہم پر اسکی فضیلتیں برکتیں برساتا رہے اور ان ساعتوں کی سعادت عطاء کرتے رہے اور ہماری جائز دعاؤں کو قبول کرتا رہے! آمین یا رب العالمین ۔