جمعیۃعلماء ہنداور مدنی چیرٹیبل ٹرسٹ کے تعلیمی وظائف

   

46غیرمسلم طلبہ سمیت 915طلباء منتخب:مولانا ارشدمدنی
نئی دہلی: صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا ارشدمدنی نے تعلیمی سال 2025-2024ء کیلئے میرٹ کی بنیادپر منتخب ہونے والے 915طلباء کے لئے ایک کروڑ 60 لاکھ روپئے وظائف جاری کردیئے ہیں۔ ان طلباء میں ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی 46 غیرمسلم طلباء بھی شامل ہیں۔ وظائف کی رقم براہ راست طلبا کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ مالی طورپر کمزورمگر ذہین طلباء کو اعلیٰ اورپیشہ ورانہ تعلیم کے حصول میں مددکرنے کے مقصدسے جمعیۃعلماء ہند نے 2012سے ہر سال وظائف دینے کا اعلان کیا تھا اس کے لئے مولاناحسین احمد مدنی چیئرٹیبل ٹرسٹ دیوبند اورجمعیۃعلماء ہند ارشدمدنی پبلک ٹرسٹ کی جانب سے ایک تعلیمی امدادی فنڈ قائم کیا گیا اور ماہرین تعلیم پرمشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جو ہر سال میرٹ کی بنیادپر طلباکا انتخاب کرتی ہے۔ اہم بات یہ ہیکہ اس سال بڑی تعدادمیں غیر مسلم طلبانے وظیفہ کیلئے درخواستیں بھیجی تھیں، ان میں سے میرٹ کی بنیادپر46طلبا کووظیفہ کے لئے منتخب کیاگیا ۔اس کے پیچھے صرف اورصرف یہی مقصدکارفرماہے کہ غریبی اورمالی پریشانی کی وجہ سے ذہین بچے کسی رکاوٹ کے بغیر اپنا تعلیمی سفرجاری رکھ سکیں۔مولانامدنی نے کہا کہ تعلیم ہی ایسا واحد اورکارگرذریعہ ہے جس سے کوئی بھی قوم نہ صرف اپنا تحفظ کرسکتی ہے بلکہ اپنے خلاف ہونے والے منصوبہ بند پروپگنڈوں کا موثرجواب بھی دے سکتی ہے ،ہمیں یہ بات اچھی طرح یادرکھنی چاہئے کہ دنیامیں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کی نوجوان نسل صحیح تربیت اورتعلیم یافتہ ہوتی ہے ۔