جموں۔7فروری(یو این آئی) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما نے ہفتہ کے روز ایوان میں ایک اہم خطاب کے دوران واضح کیا کہ ہندوستانی آئین میں جموں و کشمیر کے لیے ‘خصوصی درجہ’ نام کی کوئی شق موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس پر الزام لگایا کہ وہ اس بے بنیاد اصطلاح کو بار بار اچھال کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔ایوان سے خطاب کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ آئینی مطالبات ہمیشہ آئین کی واضح دفعات کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ جہاں تک میرا مطالعہ ہے ، آئینِ ہند میں جموں و کشمیر کے انضمام یا الحاق کے حوالے سے خصوصی درجہ جیسا کوئی لفظ موجود نہیں۔ اگر کوئی آئینی مطالبہ کرتا ہے تو اس کی پشت پر آئینی بنیاد ہونی چاہیے ۔انہوں نے واضح کیا کہ مختلف ریاستیں معاشی پیکجوں یا روزگار سے متعلق مراعات کے لیے خصوصی درجہ جیسی اصطلاحات استعمال کرتی ہیں، لیکن اسے آرٹیکل 370 سے جوڑنا سراسر غلط ہے ۔ اس دوران انہوں نے ایوان میں این سی کے ایک رکن کی جانب سے لگائے گئے نعروں پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا کہ آئین میں یہ درجہ آخر کہاں تحریر ہے۔