جناب سید وقار الدین بہ دیدہ نم سپرد لحد

,

   

نماز جنازہ و تدفین میں ہزاروں سوگواروں کی شرکت
حکومت فلسطین نے اعتراف خدمات کے طور پر فلسطینی پرچم اڑھایا
حیدرآباد۔10ڈسمبر(سیاست نیوز) ایڈیٹر رہنمائے دکن و صدرنشین انڈو عرب لیگ جناب سید وقار الدین قادری کو شہریان حیدرآباد نے بدیدۂ نم وداع کیا اور جلوس جنازہ میں شریک افراد ان کی قوت ارادی کے علاوہ ملی مفادات پر اپنے مفاد کو قربان کرنے اور ان کے جذبۂ ایثار کا تذکرہ کر رہے تھے۔ جناب سید وقار الدین کا آخری سفر ان کی رہائش گاہ آصف نگر سے شروع ہوا ۔ان کی فلسطینی کاز کیلئے جدوجہد کے سبب حکومت فلسطین کی جانب سے فلسطینی سفیر برائے ہندہزاکسیلینسی عدنان ابو الھیجانے جنازہ پر فلسطینی پرچم اڑھایا ۔مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے مکہ مسجد میں نماز جنازہ پڑھائی ۔ بعدازاں جنازہ درگاہ حضرت سید شاہ موسیٰ قادری ؒحسینی علم پہنچا جہاں ہزاروںسوگوروںکی موجودگی میں ان کے جسد خاکی کو سپرد لحد کیاگیا ۔ مکان پہنچ کر پرسہ دینے والوں میں جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست‘ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست‘ جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ ‘ جناب سید عزیز پاشاہ سابق ایم پی ‘جناب محمد فاروق حسین ایم ایل سی کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔ نماز جنازہ و تدفین میں سرکردہ شخصیات بالخصوص علماء اکرام ‘ مشائخین عظام ‘ سیاسی قائدین ‘ ملی و سماجی تنظیموں کے سربراہان کے علاوہ صحافی ‘ وکلاء ‘ تاجرین کی بڑی تعداد موجود تھیں جن میں قابل ذکر فلسطینی سفیر برائے ہند عدنان ابولھیجا‘ جناب محمد علی شبیر سابق قائد اپوزیشن کونسل ‘ جناب ممتاز احمد خان رکن اسمبلی ‘ جناب مجید اللہ خان فرحت صدر ایم بی ٹی ‘جناب سید عزیز پاشاہ ‘جناب سید فاضل حسین پرویز ایڈیٹر گواہ‘امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ‘مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم‘مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد‘ مولانا سیدسادات پیر بغدادی‘ مولانا سید حیدرپاشاہ قادری ‘مولانا سید طارق قادری‘ جناب عثمان بن محمد الہاجری‘ جناب علی بن ابراہیم مسقطی ‘ جناب جابر پٹیل ‘ جناب عتیق صدیقی ‘ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد‘ ڈاکٹر حبیبی ‘ ڈاکٹر مقبول احمد ارکان انڈو عرب لیگ و دیگر شامل ہیں۔ ۔کانگریس قائد ششی دھر ریڈی نے مکہ مسجد پہنچ کر آخری دیدار کیا اور خراج عقیدت پیش کیا ۔شرکا نے جناب سید وقار الدین کے بھانجے جناب سید امیر الدین احمد قادری سے ملاقات کرکے تعزیت کی ۔ فاتحہ سیوم 12 ڈسمبر بروز اتوار بعد نماز عصرمسجد رحمت عالم ‘ انڈو عرب لیگ ‘ بنجارہ ہلز میں مقرر ہے۔ م

اردو صحافت و ملی تنظیمیں مخلص سرپرست سے محروم
جناب سید وقار الدین کے انتقال پر جناب زاہد علی خاں کا تعزیتی پیام
حیدرآباد۔10ڈسمبر(سیاست نیوز) جناب سیدوقار الدین قادری کا سانحۂ ارتحال عالم عرب اور دنیا بھر میں مسجد اقصیٰ کیلئے جدوجہد کرنے والوں کا عظیم نقصان ہے ۔ سید وقار الدین کے انتقال سے شہر کی اردو صحافت کے علاوہ سماجی و ملی تنظیمیں ایک مخلص و دیانتدار سرپرست سے محروم ہوگئیں۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے جناب سید وقار الدین کے انتقال کو ملت اسلامیہ اور فلسطینی کاز کا عظیم نقصان قرار دیا اور کہا کہ جناب سید وقار الدین انڈو عرب لیگ کے صدرنشین کی حیثیت سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ ملک بھر میں مسجد اقصیٰ کی آزادی اور فلسطینی عوام پر مظالم پر آواز اٹھانے کی جو شمع روشن کی تھی اسی کا نتیجہ ہے کہ انہیں مجاہد فلسطین کے طور پر دیکھا جاتا رہاہے۔ ایڈیٹر سیاست نے ان کی صحافتی اور ملی خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ جناب سید وقارالدین سے ان کے دیرینہ روابط رہے اور وہ انتہائی شریف النفس اورملنسار شخصیت کے علاوہ ملت کیلئے تڑپ والا دل رکھتے تھے ۔ وہ ملی و سماجی تنظیموں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرکے اتحاد امت کے پیام کو عام کرتے رہے اور اپنی آخری سانس تک بھی ملی مفادات کی خاطر قربانیاں دی ہیں ۔ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جناب زاہد علی خان نے اپنے کہا کہ فلسطینی کاز اور دنیا بھر کے مسلم ممالک سے جناب سید وقار الدین کے روابط اظہر من الشمس ہیں۔ انہو ںنے ایڈیٹر رہنمائے دکن کے انتقال کو شخصی نقصان قرار دیا اور کہا کہ یہ اردو صحافت ‘ فلسطینی کاز ‘ عالم عرب سے حیدرآباد کے تعلق ‘ ملی و سماجی تنظیموں واداروں کے نقصان ہے ۔ انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کے ساتھ افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اللہ افراد خاندان اور رفقاء کو صبر جمیل عطاء کرے۔ آمین۔ م