جناب ظہیرالدین علی خاں مرحوم کوحیدرآباد بک فیر میں خراج

   

19 فروری تک این ٹی آر اسٹیڈیم میں کتابوں کی نمائش و فروخت
حیدرآباد 9 فروری(سیاست نیوز) حیدرآباد کے این ٹی آر اسٹیڈیم میں آج سے 36 واں حیدرآباد نیشنل بک فیر کا آغاز ہوا۔ بک فیر 19 فروری تک جاری رہے گا۔ بک فیر کے صدر جے گوری شنکر نے تفصیلات بیان کرکے کہا کہ گزشتہ جنوری میں کولکتہ میں بک فیر کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں 29 لاکھ افراد نے شرکت کی ۔ حیدرآباد میں بھی بک فیر کی کامیابی کی توقع ہے ۔ بک فیر کا مقصد عوام کی معلومات میں اضافہ کیلئے مختلف شعبہ جات کی نادر و نایاب کتابوں کو پیش کرنا ہے ۔ بک فیر کا باب الداخلہ جناب ظہیر الدین علی مرحوم سابق مینجنگ ایڈیٹر سیاست سے موسوم کیا گیا ۔ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ بک فیر کے مقام کو انقلابی شاعر اورجہد کار غدر سے موسوم کیا گیا ۔ بک فیر کے اسٹیج کو آر سری ہری سے موسوم کیا گیا ۔ گوری شنکر کے مطابق 10 تا 18 فروری مختلف تہذیبی اور ثقافتی پروگرام پیش کئے جائینگے جو روزانہ دوپہر 2 بجے تا رات 8.30 بجے جاری رہیں گے۔ ہفتہ کو دوپہر ایک تا رات 9 بجے پروگرامس رہینگے ۔ بک فیر میں ملک کے مختلف علاقوں کے پبلیشرس نے 365 اسٹال قائم کئے ہیں۔ مختلف زبانوں کی کتابیں دستیاب ہیں۔ بچوں کو میں مطالعہ کا شوق اجاگر کرنے روزانہ ایک خصوصی پروگرام کیا جائے گا۔ بچوں ، ٹیچرس اور صحافیوں کا داخلہ مفت رہے گا۔ 1