حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست میں پائے جانے والے نرسنگ کورس ’ جنرل نرسنگ مڈوایفری ‘ کورس کو برخاست کردینے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ تعلیمی سال 2021-22 سے جی این ایم ( جنرل نرسنگ مڈوایفری کورس ) کسی بھی صورت میں شامل نہیں رکھا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ( ڈی ایم ای ) ڈاکٹر رمیش ریڈی نے باقاعدہ طور پر احکامات بھی جاری کئے اور بتایا کہ انڈین نرسنگ کونسل کی ہدایات کے مطابق ہی فیصلہ کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں جملہ 138 گورنمنٹ اور پرائیوٹ نرسنگ کالجوں و اسکولوں میں زائد از 6 ہزار جی این ایم ( جنرل نرسنگ مڈوایفری ) کی نشستیں پائی جاتی ہیں ۔ ہزاروں کی تعداد میں پائی جانے والی نشستوں کو ایک ہی مرتبہ برخاست کردئیے جانے سے نرسنگ کورسیس میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلباء وطالبات کی تعداد مکمل طور پر کم ہوجانے کا خدشہ لاحق ہوچکا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض ریاستوں میں جی این ایم کورسیس کی برخاستگی کے بعد اس کورس کے بجائے بی ایس سی نرسنگ کورسیس شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ جس کی وجہ سے جی این ایم کورسیس برخاست ہونے کی روشنی میں بی ایس سی نرسنگ کورسیس میں نشستیں حاصل ہوئیں لیکن ریاست تلنگانہ میں جی این ایم نرسنگ کورس کی برخواستگی کی روشنی میں بی ایس سی نرسنگ کورسیس شروع کرنے کے تعلق سے اب تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ جب کہ فی الوقت ریاست تلنگانہ کے گورنمنٹ اور پرائیوٹ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے نرسیس میں 80 فیصد نرسیس جی این ایم کورس کی اہلیت رکھنے والے ہی پائے جاتے ہیں ۔۔