جنسی تناسب میں کمی سنگین تشویش کا باعث :سیلجا

   

چندی گڑھ: کانگریس کی جنرل سکریٹری اور سرسا کی رکن پارلیمنٹ کماری سیلجا نے جمعہ کو ہریانہ میں گرتے ہوئے جنس کے تناسب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لڑکی جنین قتل کے معاملات کی منصفانہ جانچ اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ یہاں جاری ایک بیان میں کماری سلجا نے کہا کہ جہاں بیٹیوں کو ان کی پیدائش سے پہلے مٹا دینے کا سودا کھلے عام کیا جا رہا ہے ، وہاں ’بیٹی بچاؤ‘ صرف ایک نعرہ بن کر رہ گیا ہے جبکہ ’بیٹی بچاؤ‘ ایک مہم نہیں بلکہ قومی عزم ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سیول رجسٹریشن سسٹم (سی آر ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق ہریانہ میں پیدائش کے وقت جنس کا تناسب فی الحال 910 ہے ، جو کہ 2019 میں 923 کے مقابلے میں 08 برسوں میں سب سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں پیدا ہونے والے 516,402 بچوں میں سے 52.35 فیصد لڑکے اور 47.64 فیصد لڑکیاں ہیں۔