جنواڑہ میں فارم ہاوز کے ٹی آر کی ملکیت : مہیش کمار گوڑ

   

آبگیر علاقہ کی اراضیات پرقبضہ ، حیڈرا کی کارروائیوں کی تائید
حیدرآباد۔/21 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ورکنگ پریسیڈنٹ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے رنگاریڈی کے جنواڑہ میں فارم ہاوز اور اراضی سے متعلق کے ٹی آر کے بیان کو مسترد کردیا اور کہا کہ جنواڑہ میں اراضیات کے ٹی آر کی ملکیت ہیں اور اس بارے میں شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کے ٹی آر نے تمام نالوں کو توڑ کر آبگیر علاقہ میں فارم ہاوز تعمیر کیا ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر کے ٹی آر میں ہمت ہو تو وہ خود اپنے ہاتھ سے فارم ہاوز مہندم کریں جس کا ہم خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں اور جھیلوں کے آبگیر علاقوں میں کسی بھی غیرقانونی تعمیرات کو حکومت برداشت نہیں کرے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیڈرا کے قیام کے ذریعہ تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ کا فیصلہ کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حیڈرا کی نیک نامی کو روکنے کیلئے کے ٹی آر مجسموں کی تنصیب کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کا عوام میں اعتبار ختم ہوچکا ہے۔ اقتدار سے محرومی کے بعد بی آر ایس بی جے پی میں انضمام کی تیاریوں میں ہے۔ کسانوں کے قرض معافی کے بارے میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ گمراہ کن پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی حیڈرا سے متعلق حکومت کے فیصلہ کی تائید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارم ہاوز کو لیز پر لینے سے متعلق بیان کے ذریعہ کے ٹی آر نیا ڈرامہ کررہے ہیں۔ پولیس کی رپورٹ میں درج ہے کہ یہ کے ٹی آر کا فارم ہاوز ہے۔ ریونت ریڈی نے جب نیشنل گرین ٹریبونل میں شکایت کی تو انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔1