محکمہ جات کا مشترکہ سروے، نالے کی اراضی پر تعمیرات کا انکشاف، حکومت کو رپورٹ پیش
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقوں میں جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ مہم میںضلع رنگاریڈی میں واقع جنواڑہ کا فارم ہاوز پھر سرخیوں میں ہے۔ حکومت اور کانگریس کا دعویٰ ہے کہ جنواڑہ کا فارم ہاوز بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کا ہے جبکہ کے ٹی آر نے وضاحت کی کہ انہوں نے قریبی دوست سے لیز پر یہ فارم ہاوز حاصل کیا ۔ محکمہ جات کے عہدیداروں نے جنواڑہ موضع کی اراضیات کا سروے کرکے رپورٹ پیش کی جس میں انکشاف کیا گیا کہ مذکورہ فارم ہاوز بلکا پور نالہ کی 14 گنٹے اراضی پر غیر قانونی قبضہ سے تعمیر کیا گیا۔ محکمہ جات آبپاشی اور ریوینیو کی جانب سے مشترکہ سروے کیا گیا جس میں شنکر پلی منڈل کے جنواڑہ میں واقع فارم ہاوز کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ فارم ہاوز کی گیٹ اور کمپاونڈ وال نالے کی اراضی پر ہے۔ بتایا گیا کہ حکومت عدالت سے منظوری حاصل کرکے فارم ہاوز کے اندرونی حصے کے سروے کی تیاری کررہی ہے ۔ حیڈرا کی کارروائیوں کے آغاز کے بعد کے ٹی آر نے وضاحت کی کہ یہ فارم ہاوز انہوں نے اپنے دوست بی پردیپ ریڈی سے لیز پر لیا ہے۔ عہدیداروں نے فارم ہاوز میں داخلہ بغیر اطراف کا سروے کیا ۔ حکام کے مطابق فام ہاوز کی 2.24 گنٹہ اراضی نالے کی ہے جبکہ مزید 11 گنٹے اراضی سروے نمبر 313 کے تحت بفر زون میں ہیں۔ غیر مجاز قبضوں کے نتیجہ میں نالہ کی اراضی کم ہوچکی ہے ۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد حکومت نے اگسٹ میں سروے کے احکام جاری کئے تھے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت سے کہا کہ آبگیر علاقوں میں کسی انہدامی کارروائی سے قبل باقاعدہ سروے کیا جائے اور قابضین کو نوٹس دی جائے۔ شہر کے اطراف مختلف آبی ذخائر کے ناجائز قابضین کے خلاف حیڈرا نے نوٹس جاری کی جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ تلنگانہ حکومت جنواڑہ فارم ہاوز کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ ہائی کورٹ کو اعتماد میں لے کر کرنا چاہتی ہے تاکہ بی آر ایس کو حکومت پر تنقید کی گنجائش نہ رہے۔1