جنونی عاشق کا لڑکی اور اس کے افراد خاندان پر حملہ

   

حیدرآباد ۔ 20 جون (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ میں جنونی عاشق نے دہشت مچادی۔ لڑکی اور اس کے افراد خاندان پر قاتلانہ حملہ کردیا جس کے سبب لڑکی بشمول چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی افراد کی چیخ و پکار سے پڑوسی جمع ہوگئے اور حملہ آور کو جکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 23 سالہ گووردھن کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ گووردھن کو محبت سے انکار پر اس نے لڑکی اور اس کے افراد خاندان کو نشانہ بنایا۔ لڑکی کے مکان میں داخل ہوکر اس نے حملہ کردیا۔ لڑکی کے افراد خاندان رشتہ دار کی تقریب میں شرکت کیلئے جانے کی تیاری کررہے تھے کہ گوردھن نے ان پر اچانک حملہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق گوردھن اپنے ساتھ چاقو لیکر گیا تھا۔ جنونی عاشق کے حملہ میں اس 21 سالہ لڑکی کے والدین، بڑی بہن اور چاچا زخمی ہوگئے۔ گوردھن لڑکی کا مسلسل تعاقب کررہا تھا اور اس نے لڑکی کو محبت کی پیشکش کی تھی لیکن لڑکی نے اس بات سے انکار کردیا اور اس کی پیشکش کو مسترد کردیا جس کے بعد یہ حملہ آور شدید برہم ہوگیا اور لڑکی سے بدلہ لینے کی ٹھان لی۔ اس نے تین روز قبل امیزان کے ذریعہ چاقو کی خریداری کی تھی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع