جماعت اسلامی کا ریس کورس مسجد کے تحفظ کا مطالبہ

,

   

نئی دہلی،21 اکتوبر(یواین آئی) جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے نئی دہلی کی تاریخی ریس کورس مسجد کے تحفظ، اس کی بنیادی سہولیات کی فوری بحالی اور نمازیوں کے لیے مسجد میں آمد و رفت کو بلا روک ٹوک یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے مسجد کو خالی کرنے کے نوٹس اور اسے منہدم کیے جانے کے خدشے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔میڈیا کو جاری ایک بیان میں ملک معتصم خان نے کہا کہ تاریخی ریس کورس مسجد، جہاں برسوں سے لوگ عبادت کرتے آرہے ہیں، کو خالی کرنے کا نوٹس دینا اور اس کے انہدام کا خطرہ پیدا ہونا انتہائی تشویش ناک ہے ۔ ان کے مطابق یہ مسجد 1977 سے سرکاری گزٹ میں اوقاف کی جائیداد کے طور پر درج ہے ۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ مسجد کی دستاویزی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد اور اس سے متصل قبرستان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ملک معتصم خان نے مسجد کی بجلی منقطع کیے جانے اور اسے خالی کرنے کے لیے امام مسجد پر مبینہ غیر قانونی دباؤ ڈالے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی اور پانی کی سہولیات فوری طور پر بحال کی جائیں اور نمازیوں کے لیے مسجد تک رسائی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں۔ انتظامیہ کو اپنے اقدامات کی قانونی بنیاد واضح کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ عبادت گاہوں اور نمازیوں کے احترام کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے ۔