جوبلی ہلز میں مسلم قبرستان کیلئے اراضی الاٹمنٹ کی عہدیداروں کو ہدایت

   

وزیر مال سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس ، سرکاری اراضیات کے تحفظ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 29۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر مال و ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ سرکاری اراضیات اور عوامی املاک کے تحفظ کے سلسلہ میں کوئی بھی تساہل نہیں کیا جائے گا۔ وزیر مال نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری اراضیات کے تحفظ کیلئے منصوبہ بند انداز میں اقدامات کریں۔ سرینواس ریڈی نے سکریٹریٹ میں وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی نوین یادو کے ہمراہ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ کے موقع پر عوام سے کئے گئے وعدوں اور قبرستان کی اراضی کے الاٹمنٹ کے مسئلہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے تحت بورہ بنڈہ ، ایرہ گڈہ اور شیخ پیٹ علاقوں میں گزشتہ کئی دہوں سے مقامی مسلمان قبرستان کی اراضی نہ ہونے کے سبب مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جلد سے جلد مرکزی وزارت دفاع ، تلنگانہ ریونیو ڈپارٹمنٹ اور وقف بورڈ کی مشترکہ مساعی کے ذریعہ قبرستان کی اراضی کا مسئلہ حل کریں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ جہاں کہیں بھی ریونیو کی اراضی ڈیفنس کو الاٹ کی گئی ہے ، ان سے متبادل اراضی حاصل کی جائے ، اسی طرح ریونیو کی اراضی وقف بورڈ کو منتقل کرتے ہوئے قبرستان کے الاٹمنٹ کے اقدامات کریں۔ وزیر مال نے کہا کہ عوامی بھلائی کے لئے مختص کی گئی اراضیات پر بعض افراد کے ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ناجائز قبضوں کے خلاف متعلقہ محکمہ جات سے نوٹس جاری کرتے ہوئے قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دی تاکہ سرکاری اراضیات کا تحفظ ہو۔ اجلاس میں سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ کے علاوہ حیدرآباد اور میڑچل کے ضلع کلکٹرس نے شرکت کی۔1