حیدرآباد21مئی (یو این آئی) تلنگانہ کے جگتیال ٹاون کے پوچماں واڑہ اور ہنومان واڑہ علاقوں میں پولیس نے گھر گھر تلاشی مہم چلائی۔عوام میں بھروسہ اور اعتماد پیدا کرنے اور جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کو یقینی بنانے کی کوشش کے طورپر چلائی گئی اس مہم میں کئی پولیس ملازمین کی ٹیموں نے حصہ لیتے ہوئے نامناسب دستاویزات والی گاڑیوں کو ضبط کرلیا۔ ذرائع کے مطابق تقریبا 103بائیکس کے ساتھ ساتھ ٹریکٹرس، آٹوز کو ضبط کر لیا گیا۔ ضلع ایس پی بھاسکر کی ہدایت پر یہ مہم چلائی گئی۔اس مہم میں دو سرکل انسپکٹرس ، 90 ملازمین پولیس نے حصہ لیا۔ پولیس نے کہا کہ ضبط شدہ گاڑیوں میں بغیر نمبرپلیٹس چلائی جانے والی 21گاڑیاں،گاڑیوں کے نمبرچھپاکر چلائی جانے والی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ بعض افراد رجسٹریشن کے نمبرات میں چھیڑچھاڑبھی کررہے ہیں۔