جھارکھنڈ میں این ڈی اے کے تائیدی امیدوار راجیہ سبھا کیلئے منتخب

,

   

کراس ووٹنگ کے سبب کانگریس امیدوار کو شکست ۔ جے ایم ایم امیدوار نے بھی جیت درج کی

رانچی 18 جون ( ایجنسیز ) جھارکھنڈ میں ہوئے راجیہ سبھا انتخابات میں کراس ووٹنگ کے نتیجہ میں این ڈی اے کے تائیدی آزاد امیدوار نے ایک نشست پر قبضہ کرلیا ہے ۔ دوسری نشست پر جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ حالانکہ ابھی نتائج کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم باخبر ذرائع نے نتائج کی اطلاع دی ہے ۔ خبر رساں اداروں کے بموجب انتخابات میں کراس ووٹنگ ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں آزاد امیدوار پریمل نتھوانی نے ایک نشست پر قبضہ کرلیا ہے ۔ پریمل نتھوانی کو این ڈی اے کی تائید حاصل تھی ۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ایکٹ امیدوار بیدیہ ناتھ رام نے ایک نشست جیت لی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ راجیہ سبھا انتخابات میں نتھوانی کو 28 ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ جھارکھنڈ اسمبلی میں این ڈی اے کی عددی طاقت صرف 24 ہے ۔ کانگریس کے امیدوار جھا کو صرف 20 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی انچارج کے راجو نے الزام عائد کیا کہ آزاد امیدوار کی جانب سے دولت کا سہارا لیا گیا تھا تاکہ اپنے حق میں ووٹ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام 16 ووٹ محفوظ رہے ہیں جبکہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے 4 ووٹ دئے ہیں۔ اس طرح کانگریس کو 20 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ آزاد امیدوار نے دولت کا استعمال کیا اس لئے یہ صورتحال پیدا ہوئی ۔ جھارکھنڈ اسمبلی میں بی جے پی ارکان کی تعداد 21 ہے ۔ ایل جے پی ( رام ولاس ) اے جے ایس یو پارٹی اور جے ڈی یو کے ایک ایک رکن ہیں۔