نئی دہلی، 29 جون (یواین آئی) دہلی پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر وریندر سچدیوا نے اتوار کو عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیڈروں پر کچی آبادیوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اے اے پی کی طرف سے کچی آبادیوں کے نام پر بلایا گیا جلسہ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے ، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہلی والے اب گمراہ نہیں ہوں گے ۔مسٹر سچدیوا نے آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ اے اے پی قیادت تقریباً ایک ماہ سے کنفیوژن پھیلا رہی تھی لیکن آج کی میٹنگ میں شرکت نہ کرکے کچی آبادیوں نے نہ صرف ان کی جھوٹی مہم کو مسترد کردیا ہے ۔ کچی آبادیوں میں رہنے والے اے اے پی لیڈروں سے پوچھ رہے ہیں کہ اے اے پی حکومت نے اپنے 10 سال کے اقتدار میں کچی آبادیوں کو بہتر زندگی فراہم کرنے کے لیے کیا کیا۔انہوں نے کہا کہ جب سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اوراے اے پی کے دیگر رہنما، جنہیں تقریباً پانچ ماہ قبل ہوئے اسمبلی انتخابات میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، کچی آبادیوں کے نام پر جمع اپنے کارکنوں کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں گھسنے کے لیے اکسا رہے تھے ، دہلی کے کچی آبادی والے کیجریوال سے پوچھ رہے تھے کہ انہوں نے شیش محل میں فلیٹ کیوں نہیں بنائے ۔