جھیلوں اور تالابوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری

   

حیڈرا کی انہدامی کارروائی پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے حیدرآباد میں حیڈرا کی انہدامی سرگرمیوں پر دہلی میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد کی شناخت جھیلوں اور چٹانوں سے ہے۔ ماہرین ماحولیات نے ان پر ناجائز قبضوں پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں ۔ تالابوں پر ناجائز تعمیرات سے مستقبل کی نسلوں کو نقصانات پہونچنے کے اندیشے ظاہر کئے ہیں اور ان ناجائز قبضوں کو برخاست کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔ تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ کے لیے حیڈرا تشکیل دیا گیا ہے ۔ حیڈرا کی انہدامی کارروائیوں کا عوام بڑے پیمانے پر خیر مقدم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہدامی کارروائی سے قبل نوٹس جاری کی جارہی ہے جس کے بعد انہدامی کارروائی کو منظوری دی جارہی ہے ۔ بفر زون میں ہی نہیں تالابوں میں کی گئی تعمیرات کو منہدم کیا جارہا ہے ۔ سٹیلائیٹ تصاویر کے ذریعہ تقسیم ریاست سے قبل علحدہ تلنگانہ ریاست کے 10 سال میں تالابیں کتنے قبضے ہوئے ہیں اس کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ریمورٹ سنسنگ سٹلائیٹ سے تصاویر لی جارہی ہیں ۔ پہلے کتنے تالاب تھے اب کتنے باقی رہ گئے ہیں ۔ ان کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائے گی اور عوام سے رائے حاصل کی جائے گی ، کیا اس طرح تالابوں پر ناجائز قبضوں کا تماشہ دیکھا جائے یا انہیں انہدام کرتے ہوئے تالابوں کا احیاء کیا جائے ۔ تمام حساب کتاب عوام کے سامنے پیش کردیا جائے گا ۔ عوامی جائیدادوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس کو بچانے کے لیے حکومت سرگرم ہے۔۔ 2