پٹنہ: بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت کی طرف سے پیش کی گئی تحریک اعتماد کا جواب دیتے ہوئے آر جے ڈی لیڈر اور نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ بہار اسمبلی کے بلائے گئے خصوصی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست میں جہاں بی جے پی حکومت میں نہیں ہے، وہ اپوزیشن جماعتوں کے خلاف سرکاری تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی بھی ایسی ریاست میں جائیں جہاں اپوزیشن اقتدار میں ہو یا جہاں بی جے پی خوفزدہ ہو، وہ اپنے تین گروپوں یعنی سی بی آئی، ای ڈی اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو آگے بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف وہی لوگ جو بی جے پی کے خلاف ہیں ان تینوں جانچ ایجنسیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم خود کہتے رہے ہیں کہ جب تک بہار ترقی نہیں کرے گا، ملک ترقی نہیں کرے گا، لیکن انہوں نے بہار کو آگے بڑھنے میں کوئی مدد نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے بی جے پی سے تعلقات ختم کرکے ایک بہت ہی جرات مندانہ اور تاریخی فیصلہ لیا ہے۔